وکٹوں کی آندھی نے ریکارڈ بک کو آلودہ کردیا

 پاکستان نے تاریخ میں پہلی بار 5 وکٹیں 5 سے بھی کم رنز کے دوران گنوادیں


Sports Desk March 24, 2022
عبداللہ ابتدائی 8 ٹیسٹ اننگز میں 5 ففٹی پلس اسکور کرنے والے دوسرے پاکستانی ۔ فوٹو : اے ایف پی

وکٹوں کی آندھی نے ریکارڈ بک کو بھی آلودہ کردیا جب کہ پاکستان نے تاریخ میں پہلی بار 5 وکٹیں 5 سے بھی کم رنز کے دوران گنوادیں۔

آسٹریلیا سے تیسرے ٹیسٹ میں بہتر پوزیشن کے باوجود اچانک پاکستانی بیٹنگ پر لرزہ طاری ہوگیا اور 5 وکٹیں 5 سے بھی کم رنز کے دوران گرگئیں، ٹیسٹ تاریخ میں پہلی بار گرین کیپس کو اس خفت سے دوچار ہونا پڑا، 264 رنز پر 5 کھلاڑی آؤٹ تھے تاہم جب اسکور 268 ہوا تو پوری ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔

دوسری جانب نوجوان بیٹر عبداللہ شفیق نے چند ہی ٹیسٹ اننگز میں صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کرنے کے ساتھ روشن مستقبل کی نوید بھی سنا دی، انھوں نے جاری ٹیسٹ کی پہلی باری میں 81 رنز بنائے، یہ ان کا اب تک 8 ٹیسٹ اننگز میں پانچواں ففٹی پلس اسکور ہے، وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستانی ٹیسٹ تاریخ کے دوسرے بیٹر ہیں۔

22 سالہ عبداللہ شفیق نے بنگلادیش کے خلاف گذشتہ برس ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا، انھوں نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں ففٹیز اسکور کیں۔ وہ اب تک 8 اننگز میں 500 سے زائد رنز بناچکے ہیں، انھوں نے اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کے خلاف اسکور کی، کراچی ٹیسٹ میں عبداللہ شفیق نے 305 گیندوں پر 96 رنز بناکر آسٹریلیا سے دوسرا میچ ڈرا کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

ان سے قبل اپنے کیریئر کی ابتدائی 8 اننگز میں 5 ففٹی پلس اسکور کا اعزاز عمر اکمل کوحاصل ہے تاہم اپنی لاپرواہی اور کھیل کی راہ سے بھٹکنے کی وجہ سے اب گمنامی کے اندھیروں میں ڈوب چکے ہیں۔

پاکستان کی جانب سے 1952 میں پہلا ٹیسٹ کھیلنے سے اب تک ان دونوں کرکٹرز کے علاوہ اور کوئی بھی طویل فارمیٹ میں کیریئر کا اتنا اچھا آغاز نہیں کرسکا، جاوید میانداد اور سعید احمد نے کیریئر کی ابتدائی 8، 8 اننگز میں 4 ففٹی پلس اسکور کیے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں