فلم ’’کشمیر فائلز‘‘ پر منفی تبصرہ کرنے پر بھارتی شہری کیساتھ ذلت آمیز سلوک

فلم ’کشمیر فائلز‘ پر تاریخ کو مسخ کرنے اور مسلمانوں کو دہشتگرد دکھائے جانے کا الزام ہے


ویب ڈیسک March 24, 2022
مسلم مخالف فلم ’’دی کشمیر فائلز‘‘ 90 کی دہائی میں کشمیروادی سے ہندو پنڈتوں کے اخراج پر مبنی فلم ہے فوٹوسوشل میڈیا

LONDON: مسلم مخالف فلم ''دی کشمیر فائلز'' پر منفی تبصرہ کرنے پر بھارتی شہری کے ساتھ نہایت ذلت آمیز سلوک کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق راجستھان کے علاقے بہرور میں راجیش کمار میگھوال نامی شخص کو فلم ''دی کشمیر فائلز'' پر سوشل میڈیا پر منفی تبصرہ کرنے پر مبینہ طور پر مندر کے اندر نا صرف ناک رگڑنے کو کہا گیا بلکہ معافی مانگنے کے لیے بھی کہا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی سنیما میں فلم ''کشمیر فائلز'' کی نمائش کے دوران''پاکستان زندہ باد'' کے نعرے

یہ واقعہ گزشتہ روز 23 مارچ کو بہرور پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا۔ متاثرہ شخص راجیش کمار کی مندر کے اندر ناک رگڑنے کی تصویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔



رپورٹس کے مطابق بھیم آرمی کے کارکنان نے واقعہ کے خلاف پولیس میں ایک میمورنڈم جمع کروایا ہے جس میں ملزمان کو 24 گھنٹے کے اندر گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

دوسری طرف پولیس سپرٹنڈنٹ شانتنو کمار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سنجیدہ معاملہ ہے لہذا میں یہاں آیا اور مقامی لوگوں سے بات کی۔ سرکل آفیسر نے کچھ لوگوں کو پکڑا ہے جن سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ شانتنو کمار نے مزید کہا کہ ایک جمہوری ملک میں اس طرح کا طرز عمل برداشت نہیں کیا جائے گا، ہر کسی کو سوشل میڈیا پر اپنی بات کہنے کا حق ہے۔

واضح رہے کہ مسلم مخالف فلم ''دی کشمیر فائلز'' 90 کی دہائی میں کشمیروادی سے ہندو پنڈتوں کے اخراج پر مبنی فلم ہے۔ فلم پر تاریخ کو مسخ کرنے اور مسلمانوں کو دہشتگرد دکھائے جانے کا الزام ہے۔ کچھ روز قبل بھی بھارتی ریاست تلنگانہ میں فلم کی نمائش کے دوران دو افراد کی جانب سے تھیٹر میں 'پاکستان زندہ باد' کے نعرے لگائے جانے کا واقعہ سامنے آیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں