کراچی میں جعلی گولڈ اسکینڈل میں ملوث ایک اور ملزمہ گرفتار

گرفتار ملزمہ پہلے سے زیر حراست مرکزی ملزمہ عائشہ مرزا کی بیٹی ہے، ایف آئی اے


ویب ڈیسک March 24, 2022
—فائل فوٹو

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کسٹمرز کے بینک میں موجود زیورات میں ہیراپھیری میں ملوث ایک اور ملزمہ کو گرفتار کرکے منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کرلیا۔

اس حوالےسے فراہم کردہ معلومات کے مطابق ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے کارروائی کے دوران جعلی گولڈ اسکینڈل میں ملوث فاطمہ لائبہ کو گرفتارکیا، گرفتار ملزمہ پہلے سے زیر حراست مرکزی ملزمہ عائشہ مرزا کی بیٹی ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق نجی بینک گولڈ فنانس اسکیم اسکینڈل میں دونوں خواتین کے جوائنٹ اکاونٹ میں 110 ملین جمع ہوئے، دونوں خواتین سمیت مجموعی طور پر 5 ملزمان کے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمات درج کیے گئے ہیں، ملزمان میں عائشہ مرزاکا بھائی سہیل مرزا اور نجی بینک کے ملازمین بھی شامل ہیں۔

تحقیقاتی ادارے کے مطابق ملزمان کے اکاونٹس سے منتقل کردہ رقم سے جائیدادیں خریدی گئیں، اسکینڈل میں ملوث ملزمان نے ملی بھگت سے مختلف کسٹمرز کے بینک میں موجود زیورات کی جگہ نقلی زیورات رکھے، بینک میں موجود اصل زیورات فروخت کرنے کے علاوہ کئی شہریوں کو جعلی طریقے سے قرض کی سہولت بھی فراہم کی گئی۔

ایف آئی آر کے مطابق جعل سازی سے حاصل کردہ رقم سے لائبہ نے اپنے دوست کو لاکھوں کی شاپنگ بھی کروائی، ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے ڈاکٹر فاروق کے مطابق گولڈ اسکینڈل میں ملوث گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں