بھارت میں سفاک ماں نے 2ماہ کی بیٹی کو قتل کرکے لاش مائیکروویو میں چھپا دی

ہمیں کال موصول ہوئی جس میں دو ماہ کی بچی کے لاپتا ہونے کی شکایت کی گئی، پولیس

—فوٹو: اے ایف پی

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں ایک 26 سالہ ماں نے اپنی دو ماہ کی بیٹی کو قتل کرکے اس کی لاش مائیکروویو میں 2 روز تک چھپائی رکھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ مالویہ نگر میں پیش آیا جہاں دہلی پولیس نے اپنے ہی بچے کے قتل کے الزام میں ماں کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمہ ڈمپل نے مبینہ طور پر بیٹی کو قتل کر کے لاش کو دوسری منزل کے مائیکروویو اوون میں چھپا دیا تھا۔


ڈی سی پی ساؤتھ بینیتا میری نے بتایا کہ ہمیں کال موصول ہوئی جس میں دو ماہ کی بچی کے لاپتا ہونے کی شکایت کی گئی تھی، جب پولیس ٹیم موقع پر پہنچی تو گھر کے لوگ بچی کو مائیکروویو اوون سے مردہ حالت میں برآمد کرچکے تھے۔

دوران تفتیش بچے کی والدہ، والد اور چچا سمیت گھر کے تمام افراد کے بیانات قلم بند کیے گئے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق بچی کی موت اتوار کی رات ہی ہوئی تھی اور اہل خانہ کے مطابق بچی کو آخری بار پیر کو اپنی ماں کے ساتھ بستر پر سوتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

یہ بات بالکل واضح تھی کہ لڑکی کو قتل کرنے کے بعد اس نے اسے پوری رات اپنے ساتھ اس طرح سلایا کہ کسی کو اس پر شک نہ ہو اور جب اگلے دن دوپہر تک کسی نے اسے کھیلتے ہوئے نہ دیکھا اور نہ سنا تو لوگوں نے اسے ڈھونڈنے کی کوشش کی تو ماں نے گھبرا کر اسے مائیکرو ویو اوون کے اندر اس کی لاش کو رکھ دیا۔
Load Next Story