کراچی میں پولیس اہلکار بن کر شہریوں کو لوٹنے والے گینگ کا سرغنہ گرفتار

فریئر پولیس نے خفیہ اطلاع پر گینگ کے ماسٹر مائنڈ ملزم زاہد ولد علی احمد کو گرفتار کیا، پولیس

—فوٹو

فریئر پولیس نے پولیس اہلکار بن کر سر راہ چیکنگ کے بہانے شہریوں کو لوٹنے والے گینگ کے سرغنہ کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے نقدی، غیر ملکی کرنسی، واکی ٹاکی اور جعلی نمبر پلیٹس سمیت دیگر سامان برآمد کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر چند ہفتے قبل پولیس کیپ پہنے کار سوار کی جانب سے چیکنگ کے بہانے شہریوں سے نقدی اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہونے سے متعلق ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔


پولیس نے بتایا کہ فریئر پولیس نے خفیہ اطلاع پر گینگ کے ماسٹر مائنڈ ملزم زاہد ولد علی احمد کو گرفتار کرلیا جس کے قبضے 2 لاکھ 75 ہزار روپے نقد، 400 امریکی ڈالر، واکی ٹاکی ، پولیس وردی ، پولیس کیپ ، جعلی نمبر پلیٹس اور ایک بیگ برآمد ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ ان کا گروہ 4 افراد پر مشتمل ہے اور غیر ملکی باشندوں کے ساتھ چیکنک کے نام پر لوٹ مار کی وارداتیں کرتا ہے جبکہ گزشتہ ماہ 19 فروری کو بھی سی ویو کے قریب گاڑی میں سوار ایک غیر ملکی کو بھی چیکنگ کے بہانے لوٹا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جبکہ ملزم نے کچھ عرصہ قبل تین تلوار حلال احمر ہسپتال کے قریب چینی باشندے کو بھی لوٹا تھا۔

 
Load Next Story