عدم اعتماد پر کارروائی نہ ہونے کے باوجود اپوزیشن کی خاموشی کی وجہ سامنے آگئی

اپوزیشن کی جانب سے احتجاج ہوتا تو ایوان میں موجود حکومتی ارکان کے ساتھ کشیدگی بڑھ جاتی، ذرائع


ویب ڈیسک March 25, 2022
اپوزیشن کی جانب سے احتجاج ہوتا تو ایوان میں موجود حکومتی ارکان کے ساتھ کشیدگی بڑھ جاتی، ذرائع۔ فوٹو:فائل

اپوزیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد کی تحریک پر کارروائی نہ ہونے پر اپوزیشن کے متوقع احتجاج کو بنیاد بناکر حکومت کی جانب سے اجلاس ملتوی کرنے کا پلان کیا گیا تھا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی اسمبلی میں آج ہونے والے اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پر کارروائی نہ ہونے کے باوجود بھی اپوزیشن جماعتوں کی خاموشی کی وجہ سامنے آگئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن قیادت نے گزشتہ رات ہی حکمت عملی طے کرلی تھی، اس حوالے سے قومی اسمبلی اجلاس سے قبل اپوزیشن جماعتوں کی رسمی مشاورت ہوئی، جس میں فیصلہ ہوا تھا کہ قومی اسمبلی اجلاس کے دوران احتجاج یا دھرنا نہیں دیا جائے گا، کیوں کہ حکومت کی جانب سے اپوزیشن کے متوقع احتجاج کو بنیاد بناکر اجلاس ملتوی کرنے کا پلان کیا گیا تھا۔

اپوزیشن ذرائع نے بتایا کہ تحریک عدم اعتماد کی کارروائی نہ ہونے پر اپوزیشن کی جانب سے احتجاج ہوتا تو ایوان میں موجود حکومتی ارکان کے ساتھ کشیدگی بڑھ جاتی، اس لئے اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد کے ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے تک پارلیمانی قواعد کے مطابق آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے، حکومتی بینچز کی طرف سے آنے والی آوازوں پر بھی دھیان نہیں دیں گے۔

ذرائع اپوزیشن نے کہا کہ ریکوزیشن اور ووٹنگ کے موقع پر نمبرز اپوزیشن کو پورے کرنے ہیں، نمبرز پورے رکھنے اور تعداد کو بڑھانے کے لئے حاضری کے ساتھ تحمل مزاجی ضروری ہے، بغیر کسی اشتعال کے ووٹنگ کا عمل مکمل کرکے حکومت کو جواب دیا جائے گا، اسی وجہ سے آج کے اجلاس میں اپوزیشن نے بڑی تعداد ہونے کے باوجود کوئی احتجاج نہیں کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں