نجی تعلیمی اداروں کیلیے اسکول فرنیچر کی تیاری کا کام مکمل

تعلیمی سیشن کے آغاز سے قبل3 لاکھ سے زائد ڈیسک،کرسیاں ، مونٹیسوری کرسیاں، میزیں اوردیگر فرنیچر تیار کیا گیا ہے


عامر خان February 24, 2014
لیاقت آباد میں کاریگر بچوں کے لیے تیار کی گئی اسٹوڈنٹ کرسی پر رنگ و روغن کررہا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی میں نئے تعلیمی سیشن کے آغاز سے قبل نجی تعلیمی اداروں کے لیے اسکول فرنیچر کی تیاری کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔

رواں برس کراچی کے نجی تعلیمی اداروں کیلیے3لاکھ سے زائد ڈیسک، اسٹوڈنٹ کرسیاں، مونٹیسوری کرسیاں ، میزیں اوردیگر فرنیچر تیار کیا گیا ہے جبکہ اندرون ملک خصوصاً سندھ کے تمام اضلاع اور بلوچستان میں 2 لاکھ سے زائد اسکول فرنیچر کی سپلائی شروع کردی گئی ہے ،ایکسپریس نے کراچی میں اسکول فرنیچر کی تیاری کے حوالے سے سروے کیا، سروے کے دوران لیاقت آباد شہدا کالونی میں اسکول فرنیچر کی تیاری کے مقامی کارخانے کے مالک محمد یونس قریشی نے بتایا کہ ملک بھر میں اسکول فرنیچر کی تیاری کی سب سے بڑی مارکیٹ لیاقت آباد میں واقع ہے، کراچی میں اسکول فرنیچر بنانے والے200 سے زائد کارخانے ہیں جن میں 150 کارخانے لیاقت آباد اور دیگر 50 کارخانے غریب آباد ، لیاقت آباد4 نمبر ، نیو کراچی ، اورنگی ٹاؤن ، منظور کالونی اور دیگر علاقوں میں واقع ہیں،انھوں نے بتایا کہ اس پیشے سے تقریباً 4 ہزار سے زائد کاریگر وابستہ ہیں، اس پیشے سے 70 فیصد اردو کمیونٹی اور 30 فیصد دیگر کمیونٹی کے لوگ وابستہ ہیں۔

یہ پیشہ آبائی پیشہ کہلاتا ہے تاہم اس میں استاد شاگردی کا سلسلہ بھی جاری رہتا ہے،اسکول فرنیچر کی تیاری کے کاریگر گھریلو فرنیچر تیار نہیں کرتے، انھوں نے بتایا کہ کراچی میں تقریباً 10 ہزار نجی تعلیمی اداروں کو ضرورت کے مطابق فرنیچر سپلائی کیا جاتا ہے، اس کام کا سیزن نومبر میں شروع ہو جاتا ہے جو جولائی تک جاری رہتا ہے، یہ کام نجی تعلیمی اداروں کے آرڈرز کے مطابق تیار کیا جاتا ہے ، سیزن میں اسٹوڈنٹس کرسیاں، مونٹیسوری کرسیاں، پلے گروپ ٹیبل ، ڈیسک، امتحانی کرسیاں، بلیک بورڈ، نوٹس بورڈ اور مارکر بورڈ تیار کیے جاتے ہیں، انھوں نے بتایا کہ سیزن میں کراچی کیلیے 3لاکھ سے زائد مختلف سائز کی ڈیسک، کرسیاں اور دیگر اشیا تعلیمی اداروں میں داخلوں کو مد نظر رکھتے ہوئے تیار کی جاتی ہیں۔

تعلیمی ادارے 4 ماہ قبل ہی اپنی ضرورت کے مطابق اسکول فرنیچر کا آرڈر دے دیتے ہیں اور مارچ کے مہینے سے ان اداروں کو سپلائی کا کام شروع کردیا جاتا ہے،انھوں نے بتایا کہ اسکول فرنیچر اندرون سندھ کے تمام اضلاع ، بلوچستان ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں کراچی سے سپلائی ہوتا ہے کیونکہ کراچی کا فرنیچر پائیداری کے لحاظ سے ملک بھر میں مشہور ہے ،انھوں نے بتایا کہ بدامنی کے باعث اندرون ملک سے آرڈرز ملنے کا کام متاثر ہواتاہم رواں سیزن کے لیے بھی 2 لاکھ سے زائد اسکول فرنیچر تیار کر لیا گیا ہے، انھوں نے بتایا کہ کراچی میں تقریباً ایک ارب روپے سے زائد مالیت کا سالانہ اسکول فرنیچر تیار کیا جاتا ہے اور سال بھر میں تمام اقسام کا تقریباً 8 لاکھ سے زائد اسکول فرنیچر تیار ہو کر فروخت کیا جاتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں