روس نے جنگ کے خاتمے کی تاریخ طے کرلی یوکرین کا دعویٰ

روس تاحال کسی بڑے شہر پر قبضہ نہیں کرسکا ہے


ویب ڈیسک March 25, 2022
روس مئی میں جنگ ختم کرنا چاہتا ہے، فوٹو: فائل

یوکرینی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ روس 9 مئی تک جنگ ختم کرنا چاہتا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف انٹیلی جنس نے دعویٰ کیا ہے کہ اعلیٰ روسی حکام نے اپنے فوجیوں کو 9 مئی تک جنگ ختم کرنے کی ڈیڈ لائن دی ہے۔

دوسری جانب اب تک روس یوکرین کے کسی بڑے شہر پر مکمل طور پر قبضہ نہیں کرسکا ہے۔ جن دو شہروں پر قبضہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا وہاں بھی یوکرین کی افواج نے قبضہ واگزار کرالیا ہے۔

جنگ سے قبل لوہانسک اور ڈونئیسک میں روس نواز باغیوں نے اپنی حکومت قیام کرنے کا اعلان کردیا تھا تاہم یہ باغی ملک کے کسی اور حصے پر اثر انداز نہیں ہوسکے ہیں۔

ایسے میں یوکرین کی فوج نے اپنی مزاحمتی قوت کے بل پر دعویٰ کیا تھا کہ جنگ زیادہ سے زیادہ اپریل تک چل سکے گی تاہم یوکرین فوج کو نیٹو کی جانب سے تاحال کوئی مدد نہیں مل سکی ہے۔



روسی فوجیوں کو 9 مئی تک جنگ روکنے کی ہدایت اس لیے کی گئی ہے کیوں کہ روس ہر سال 9 مئی کو 1941 سے 1945 تک جاری رہنے والی جنگ کے خاتمے کا جشن مناتا ہے۔

روس 9 مئی کو عظیم حب الوطنی کے دن کے طور پر یاد رکھتا ہے کیوں کہ اس روز جرمنی کی افواج نے غیر مشروط طور پر ہتھیار ڈال دیئے تھے۔

واضح رہے کہ روس نے فروری کے آخری دنوں میں یوکرین پر حملہ کیا تھا جس میں اب تک دونوں طرف کے سیکڑوں فوجی مارے گئے اور 2 ہزار سے زائد شہریوں کی ہلاکت کا امکان ہے جب کہ 4 انٹرنیشنل صحافی بھی ہلاک ہوچکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں