تحریک عدم اعتماد مسلم لیگ ن کی اتحادیوں سے تعلقات خراب ہونے کی تردید

اتحادی عوام کی خواہشات پر چلیں گے اور حکومت کا خاتمہ کریں گے، ترجمان ن لیگ

مریم اورنگزیب:فوٹو:فائل

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پارٹی اور اتحادیوں کے تعلقات خراب ہونے کی تردید کرتے ہوئے انہیں من گھڑت قرار دے دیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پارٹی اور اتحادیوں سے متعلق ذرائع سے چلنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اتحادیوں کے بارے میں ذرائع سے چلائی جانے والی خبریں من گھڑت ہیں۔


انہوں نے بتایا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اتحادیوں میں مشاورت جاری ہے، نوازشریف اور اتحادیوں کے حوالے سے چلائی جانے والی خبر بالکل جھوٹ ہے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عوام اس حکومت پر عدم اعتماد کرچکے ہیں، اتحادی عوام کی خواہشات پر چلیں گے اور جلد اس نالائق نااہل اور عوام دشمن حکومت سے نجات حاصل کریں گے۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان نے اپیل کی کہ قیاس آرائیوں پر مبنی ذرائع سے چلنے والی خبروں کی تصدیق کرلیا کریں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ذرائع سے خبر سامنے آئی تھی کہ نوازشریف نے مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الہیٰ کو وزیر اعلیٰ پنجاب بنانے کی مخالفت کردی اور عہدہ دینے پر اپوزیشن سے اتحاد ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا دعویٰ تھا کہ نوازشریف کے انکار کے بعد اپوزیشن اتحاد ختم ہوجائے گا کیونکہ پی پی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر ق لیگ کو وزارتِ اعلیٰ دینے کی یقین دہانی کراچکے تھے۔
Load Next Story