حکومت اور اپوزیشن کے قافلے اسلام آباد کی طرف رواں دواں

تحریک انصاف کا اسلام آباد میں امر بالمعروف جلسہ اور اپوزیشن کا مہنگائی مارچ ہے


ویب ڈیسک March 26, 2022
تحریک انصاف کے قافلے خصوصی ٹرین کے ذریعے کراچے سے اسلام آباد روانہ ہوگئے۔ فوٹو : پی ٹی آئی ٹویٹر

ISLAMABAD: حکمران جماعت تحریک انصاف کی جانب سے امر بالمعروف کے جلسے جبکہ مسلم لیگ ن اور جمعیت علمائے اسلام ف کی جانب سے مہنگائی مارچ کے سلسلے میں قافلے اسلام آباد کی طرف روانہ ہونا شروع ہوگئے۔

جلسے اور مارچ کے حوالے سے تینوں جماعتوں کے قافلے ملک کے مختلف شہروں سے روانہ ہو رہے ہیں۔ تحریک انصاف کا 27 مارچ کو وفاقی دارالحکومت میں جلسہ ہے جبکہ مہنگائی مارچ کے لیے اپوزیشن کے قافلے 28 مارچ کو اسلام آباد پہنچیں گے۔

تحریک انصاف

جلسے میں شرکت کے لیے کراچی کینٹ اسٹیشن سے قافلہ خصوصی ٹرین کے ذریعے اسلام آباد روانہ ہوگیا ہے۔ پی ٹی آئی کا قافلہ رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی اور رکن سندھ اسمبلی شہزاد قریشی کی قیادت میں روانہ ہوا۔

خصوصی ٹرین کے ذریعے خواتین اور مرد پی ٹی آئی کارکنان کی بڑی تعداد روانہ ہوئی، کارکنان کے لیے خصوصی ٹرین میں 18 بوگیاں لگائی گئی ہیں۔

پی ٹی آئی جلسہ میں شرکت کے لیے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کی قیادت میں قافلہ اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔

میڈیا کوآرڈینیٹر وزیراعلیٰ کے مطابق وزیراعلیٰ کے ہمراہ ہزاروں لوگ جلسے میں شرکت کے لیے پہنچ چکے ہیں، وزیراعلیٰ آئی ٹین گراؤنڈ میں جلسے سے شرکاء سے خطاب کریں گے۔

عالم نور حیدر نے بتایا کہ گلگت بلتستان کے عوام محبوب لیڈر عمران خان پر اعتماد کا اظہار کریں گے اور لوگ روایتی ٹوپی پہن کر کل جلسے میں شریک ہوں گے۔

پاکستان مسلم لیگ ن

مسلم لیگ ن کے نائب صدور مریم نواز اور حمزہ شہباز کی قیادت میں مہنگائی مکاؤ لانگ مارچ ماڈل ٹاؤن لاہور سے اسلام آباد کی طرف روانہ ہوگیا۔ مارچ کے آغاز کے سبب فیروز پور روڈ پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔

شہر بھر میں لانگ مارچ کے حوالے سے بینرز لگا دیے گئے ہیں۔ شاہدرہ، اسلامپورہ، فیروزپور روڈ، ٹھوکر نیاز بیگ سمیت مختلف مقامات پر لانگ مارچ کے بینرز آویزاں ہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اپنے اپنے حلقوں سے ریلیوں کی صورت میں تین مختلف مقامات پر پہنچیں گے۔ 27 مارچ کو مہنگائی مکاؤ مارچ گوجرانولہ سے اسلام آباد روانہ ہوگا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے مہنگائی مکاؤ مارچ میں بھرپور شرکت کی عوامی دعوت دی ہے۔

ترجمان مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا اختیار ولی خان کے مطابق لانگ مارچ کے لیے مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کا قافلہ 28 مارچ کو پشاور سے روانہ ہوگا۔

جمعیت علماء اسلام ف

جمعیت علماء اسلام (ف) نے حکومت کے خلاف مہنگائی مارچ کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام قافلے 26 مارچ کی شام اسلام آباد میں داخل ہوں گے اور سری نگر ہائی وے پر جمع ہوں گے۔

ڈیرہ اسماعیل خان سے جے یو آئی ف کا مرکزی قافلہ اسلام آباد روانہ ہوگا۔

پولیس کی اضافی نفری طلب

اسلام آباد میں 27 مارچ پریڈ گراؤنڈ شکر پڑیاں میں پی ٹی آئی کے جلسے، وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد، حکومت اور اپوزیشن جلسوں اور لانگ مارچ کے لیے وفاقی دارالحکومت میں اضافی نفری طلب کرلی گئی۔

وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں امن وامان قائم رکھنے کے لیے پنجاب سے مزید پولیس فورس اور وسائل طلب کیے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر پنجاب پولیس کے دو ہزار افسران و جوان اسلام آباد میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے خدمات سرانجام دیں گے۔

خصوصی کنٹرول روم قائم

کمشنر آفس راولپنڈی میں سیاسی جما عتوں کے جلسوں و مارچ کے پیش نظر امن و امان کے سلسلے میں خصوصی کنٹرول روم قائم کرلیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی و دیگر تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے۔ سیکیورٹی انتظامات کو بہترین بنانے اور مانیٹرنگ کے نظام کو مؤثر کر نے کے لیے کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔

کنٹرول روم 24گھنٹے کام کرے گا اور یہاں متعلقہ محکموں کی جانب سے نامزد کردہ فوکل پرسنز بھی ڈیوٹی دیں گے۔ کنٹرول روم کے ذر یعے سیاسی جماعتوں کی ریلی روٹس کی مکمل نگرانی کی جائے گی۔

چھٹیاں منسوخ

ڈویژن بھر میں تمام آفیسرز اور آفیشلز کی چھٹیاں منسو خ کر دی گئیں جبکہ افسران اور اسٹاف کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔

اسپتالوں میں قبل از وقت اقدامات کے تحت ایمرجنسی نافذ جبکہ سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122 کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔ آفسران کی انٹری و ایگزٹ پوائنٹس پر ڈیوٹی مقرر کر دی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔