الخدمت کے تحت یتیم لڑکیوں کے لیے دوسرے آغوش ہوم کا شیخوپورہ میں افتتاح

آغوش شیخوپورہ اور اسلام آبادمیں مقیم بچیوں نے الخدمت اور کفالت یتامیٰ کے حوالے سے مختلف خاکے پیش کیے۔


Staff Reporter March 26, 2022
آغوش شیخوپورہ اور اسلام آبادمیں مقیم بچیوں نے الخدمت اور کفالت یتامیٰ کے حوالے سے مختلف خاکے پیش کیے۔ فوٹو:فائل

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت لڑکیوں کے لیے دوسرے آغوش ہوم کا شیخوپورہ میں افتتاح کردیا گیا۔

اس سلسلے میں ایک پرُ وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس کے مہمان خصوصی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم تھے۔ اس موقع پر صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان محمد عبدالشکور، سینئر نائب صدر الخدمت فاونڈیشن سید احسان اللہ وقاص، نائب صدر الخدمت فاونڈیشن ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، صدر الخدمت ویمن ونگ ٹرسٹ نویدہ انیس سمیت دیگر الخدمت ذمہ داران اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ آغوش شیخوپورہ اور اسلام آبادمیں مقیم بچیوں نے الخدمت اور کفالت یتامیٰ کے حوالے سے مختلف خاکے پیش کیے۔ مہمانان گرامی نے اپنے خطاب میں الخدمت فاونڈیشن کفالت یتامیٰ پروگرام کو سراہا اور بچیوں کے لیے ''آغوش'' کے قیام پر مبارکباد دی اوراس عزم کا اعادہ کیا کہ سب مل کر ان باہمت بچوں اور بچیوں کو مکمل تحفظ فراہم کریں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد عبد الشکور نے کہا کہ آغوش شیخوپورہ برائے طالبات یتیم بچوں کے لیے شاہکار عمارت کی تعمیر الخدمت کی خدمت انسانیت کے لیے بہترین مثا ل ہے۔آغوش شیخوپورہ میں 250 بچیوں کے رہنے کی گنجائش موجود ہے جبکہ اس وقت 55 بچیاں زیر کفالت ہیں، جس میں 200 ذہین یتیم بچوں کو بہترین تعلیمی اور بورڈنگ سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ اس وقت بچیوں کے لیے اسلام آباد میں بھی ایک آغوش ہوم فعال ہے جس میں 38 بچیاں زیر کفالت ہیں۔

الخدمت کے تحت اس وقت ترکی (غازی انطب میں یتیم شامی بچوں کے لئے) سمیت ملک بھر میں 18 آغوش ہومز فعال ہیں جن میں 1,414بچوں کو رہائش، تعلیم اور صحت سمیت زندگی کی بنیادی معیاری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔لاہور، گلگت بلتستان، ڈیرہ اسماعیل خان اور بونیر کے منصوبوں پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔انھوں نے کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم ملکر یتیم بچوں کی فلاح وبہود کے لیے کام کرنا ہے۔

تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں کو آغوش کا دورہ بھی کرایا گیا۔مہمانوں نے بچوں کو فراہم کردہ سہولیات پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا اور الخدمت کی یتیم بچوں کے لئے کی جاری کاوشوں کو سراہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔