حکومت نے ہمیں کیا دیا ایم کیو ایم کا حکومتی کمیٹی کو جواب

حکومتی کمیٹی نے ایم کیو ایم اراکین سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ امید کرتے ہیں آپ ہمارا ساتھ دیں گے


Staff Reporter March 27, 2022
بی این پی کی بھی عدم اعتماد کے معاملے پر حکومت کو کوئی بھی جواب دینے سے معذرت (فوٹو، فائل)

حکومت کی اتحادی جماعتوں متحدہ قومی موومنٹ اور بلوچستان عوامی پارٹی نے عدم اعتماد کے معاملے پر حکومت کو کوئی بھی جواب دینے سے معذرت کرلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر قیادت حکومتی کمیٹی نے وفاقی وزیر امین الحق کی رہائش گاہ پر ایم کیو ایم قائدین سے ملاقات کی اور عدم اعتماد کے معاملے میں ایک بار پھر ساتھ دینے کی استدعا کی۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے حکومتی اراکین کو کسی بھی قسم کا جواب دینے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری اس معاملے پر مشاورت جاری ہے، اس لیے کوئی بھی جواب نہیں دے سکتے۔

ذرائع کے مطابق حکومتی کمیٹی نے ایم کیو ایم اراکین سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ امید کرتے ہیں آپ ہمارا ساتھ دیں گے جس پر ایم کیو ایم رہنماؤں نے جواب دیا کہ ایم کیو ایم حکومت کے ساتھ رہی مگر حکومت نے اس کے جواب میں ہمیں کیا دیا۔

ایم کیو ایم ذرائع نے بتایا کہ متحدہ قائدین نے حکومتی کمیٹی کو جواب دیا کہ مشکل صورتحال ہے اسی وجہ سے فیصلہ کرنے میں تاخیر ہورہی ہے۔ ملاقات میں حکومت کی جانب سے گلے شکوے دور کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔

دوسری جانب حکومتی کمیٹی نے بلوچستان عوامی پارٹی کے قائدین سے ملاقات کر کے عدم اعتماد کے معاملے میں حمایت مانگی تو انہوں نے بھی کسی بھی قسم کا جواب دینے سے انکار کردیا۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کی آج مسلم لیگ ق کے قائدین سے ملاقات ہوگی، جس میں اب تک ہونے والی ملاقاتوں اور پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا۔ دونوں جماعتیں فی الحال انتظار کرو اور دیکھو کی پالیسی پر گامزن ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں