احمد شہزاد باز نہ آئےڈسپلن کی پھر خلاف ورزی

پاکستان کپ کے میچ میں امپائر سے تکرار مہنگی پڑگئی،میچ فیس کا 35فیصد جرمانہ

پاکستان کپ کے میچ میں امپائر سے تکرار مہنگی پڑگئی،میچ فیس کا 35فیصد جرمانہ۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

احمد شہزاد باز نہ آئے، انھوں نے ڈسپلن کی پھر خلاف ورزی کر دی۔

پاکستان کپ میں امپائر کے فیصلے پر ناگواری کا اظہار کرنے پر احمد شہزاد پر میچ فیس کا 35فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا،اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں سندھ کیخلاف میچ میں اوپنر سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کررہے تھے۔

انھوں نے نہ صرف بولر کی اپیل پر ناگواری کا اظہار کیا بلکہ امپائر کے فیصلے پر منفی ردعمل دکھاتے ہوئے تکرار بھی کی، جس پر آن فیلڈ امپائر غفار کاظمی اور ضمیر حیدر نے ان کو چارج کرتے ہوئے کوڈ آف کنڈکٹ لیول ون کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دے دیا،بعدازاں میچ ریفری ندیم ارشد کے سامنے پیش ہونے پر احمد شہزاد نے غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے سزا قبول کرلی۔


یاد رہے کہ احمد شہزاد کا کیریئر اس طرح کے واقعات سے بھرا پڑا ہے، انھوں نے سری لنکن بیٹر تلکارتنے دلشان کے مذہب کے بارے میں بات کرتے ہوئے جھگڑا کیا،ورلڈکپ 2016میں ناقص کارکردگی پر انضباطی کارروائی کرتے ہوئے پی سی بی کمیٹی نے احمد شہزاد اور عمر اکمل کو ٹیم سے باہر کردیا تھا۔

پاکستان سپر لیگ میں وہاب ریاض کے ساتھ جھگڑے میں دونوں پر جرمانے ہوئے اور وارننگ بھی ملی، قائد اعظم ٹرافی میچ کے دوران بھی اوپنر نے امپائر کے فیصلے کیخلاف احتجاج کیا جس کی وجہ سے جرمانہ ہوا تھا،وہ فیصل آباد میں ایک ٹورنامنٹ کے دوران ممنوعہ ادویات استعمال کرنے کے جرم میں پابندی کا شکار ہوئے۔

 
Load Next Story