ن لیگ کا مہنگائی مکاؤ مارچ گوجرانوالہ میں موجود بڑا جلسہ کرنے کا فیصلہ

مریم نواز اور حمزہ شہباز نے گوجرنوالہ میں قیام بڑھادیا، بڑے جلسے کے بعد ہی مارچ آگے روانہ ہوگا


ویب ڈیسک March 27, 2022
مریم نواز اور حمزہ شہباز نے گوجرنوالہ میں قیام بڑھادیا، بڑے جلسے کے بعد ہی مارچ آگے روانہ ہوگا (فوٹو : فائل)

ن لیگ کا مہنگائی مکاؤ مارچ گوجرانوالہ میں موجود ہے، ن لیگی قیادت نے یہاں بڑا جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے حکومت کے خلاف مہنگائی مکاؤ مارچ اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہے، مارچ شاہدرہ سے ہوتا ہوا گوجرانوالہ پہنچا ہے جس کی قیادت مریم نواز اور حمزہ شہباز کررہے ہیں۔

دریں اثنا مسلم لیگ ن نے گوجرانوالہ میں بھرپور جلسہ کرنے کا فیصلہ ہے جس کے لیے مریم نواز اور حمزہ شہباز نے گوجرانوالہ میں قیام بڑھا دیا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے اسلام آباد جلسے کے مقابلے میں مسلم لیگ (ن) گوجرانوالہ میں بڑا جلسہ کرکے لانگ مارچ کو آگے بڑھائے گی۔

عمران بڑا بالر بنا پھرتا تھا نواز شریف نے دو درجن وکٹیں اڑا دیں، مریم کا شاہدرہ میں خطاب

قبل ازیں (ن) لیگ کا مہنگائی مکاؤ مارچ رات گئے شاہدرہ پہنچا جہاں لیگی کارکنوں کی جانب سے مارچ کے استقبال کے لیے آتش بازی کی گئی۔

شاہدرہ میں مارچ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ آپ کے لیڈر نواز شریف کو اس جھوٹے شخص نے طعنے دئیے لیکن نواز شریف نے لندن میں بیٹھ کر عمران خان کو ایسی مار ماری کہ اب چھپنے کی جگہ نہیں مل رہی، بڑا بالر بنا پھرتا تھا لیکن نواز شریف نے دو درجن وکٹیں اڑا دیں۔

یہ بھی پڑھیں : مہنگائی مکاؤ مارچ؛ مریم نواز کا ایک ذاتی گارڈ کنٹینر کے نیچے آنے سے زخمی

مریم نواز نے کہا کہ چینی ڈیڑھ سو روپے کلو اور گھی و تیل کا ڈبہ قسطوں پر لینا پڑتا ہے جو جلسوں میں ڈیزل کی آواز لگاتا ہے تو ڈیزل عمران خان ہے، عمران خان کی حکومت میں ڈیزل کی قیمت جتنی اوپر گئی کبھی اتنی اوپر نہیں گئی۔

انہوں نے کہا کہ بہت جلد نواز شریف اب عوام کے درمیان میں ہوں گے، ترقی کا سفر ووٹ چوری کے بعد سفر رکا اب ترقی کا سفر دوبارہ شروع ہوگا، عمران خان کو بنی گالہ سے نہیں بلکہ پاکستان سے باہر پھینک دیں گے۔

اپنے خطاب میں حمزہ شہباز نے کہا کہ اپنی بہن مریم کے ساتھ اسلام آباد جا رہے ہیں، عمران نیازی کہہ رہا ہے کہ جلسہ کروں گا لیکن اب قوم تمہیں اقتدار سے باہر نکالے گی، عمران نیازی چار سال میں شریف خاندان کے خلاف ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے پاکستان تو کیا برطانیہ میں بھی تلاشی دی لیکن توشہ خانے میں تم نے تلاشی نہیں دی، فارن فنڈنگ میں تم نے سارے اکاؤنٹ چھپائے اب تمہارے خلاف ایف آئی آر موجود ہے، تمہیں اب عوام کی عدالت میں تلاشی دینا ہوگی، تم نے نیا پاکستان کیا بنانا تھا پرانا پاکستان بھی ختم کردیا۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں