تحریک عدم اعتماد ن لیگ اور ق لیگ کا آئندہ لائحہ عمل پر مشاورت جاری رکھنے پراتفاق

دونوں جماعتوں کے درمیان آج اہم بیٹھک ہوگی جس میں مذاکرات کیے جائیں گے


ویب ڈیسک March 27, 2022
(فوٹو : فائل)





وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالےسے دونوں جماعتوں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور مسلم لیگ (ق) کی قیادت کے درمیان آئندہ لائحہ عمل کے بارے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

ن لیگ کا اعلیٰ سطح وفد چودھری برادران کی رہائش گاہ پہنچا اور وفد نے سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے ملاقات کی۔

ملاقات میں تحریک عدم اعتماد، موجودہ ملکی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

بعدازاں خواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری برادران کے ساتھ دہائیوں مل کر ایک ہی پلیٹ فارم پر کام کیا ہے، ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں اور موجودہ سیاسی صورتحال پر مشاورت ہوئی ہے۔

علاوہ ازیں طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ لیگی رہنماؤں کی مہربانی ہے وہ یہان تشریف لائے ہیں، وہ عدم اعتماد کے لئے تعاون کی غرض سے یہاں تشریف لائے، تمام جماعتوں کے اپنے اپنے مسائل ہیں، ہم چاہتے ہیں اتحادی مل کر فیصلہ کریں۔

سعد رفیق نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد عمران خان کے خلاف کسی سیاست کی غرض نہیں ملکی ایشوز کے باعث پیش کی ہے، عمران خان کے صرف کھوکھلے نعرے تھے اسی بنا پر ہم ان کے پاس حاضر ہوئے۔

سعد رفیق نے کہا کہ اس وقت اس حکومت کو گھر جانا چاہیے اگر پاکستان کو مشکلات سے نکالنا ہے، سیاست میں مل کر آگے بڑھا جاتا ہے برف پگھل چکی ہے۔

پرویز الٰہی نے بطور اسپیکر ہمارے سیاسی قیدیوں کے حوالے سے اچھا سلوک کرکے پروڈکشن آرڈر جاری کئے، مسلم لیگ ن اور مسلم لیگ ق کے درمیان اب تلخیاں ختم ہوچکی ہیں

ن لیگ کا ق لیگ کی قیادت سے اعلیٰ سطح رابطہ


اس سے قبل مسلم لیگ (ن) اور ق لیگ کی قیادت کے درمیان اعلیٰ سطح رابطہ ہوا ہے، دونوں جماعتوں کے درمیان آج اہم بیٹھک ہوگی جس میں مذاکرات کیے جائیں گے۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور مسلم لیگ (ق) کے درمیان اعلی سطح رابطہ ہوا ہے، شہباز شریف کی چودھری برادران کے گھر آمد کے بعد مسلم لیگ ق اور پاکستان مسلم لیگ ن میں دوسری بڑی بیٹھک آج ہوگی۔

مسلم لیگ ق کی جانب سے چودھری شجاعت حسین ، چودھری پرویز الہی، مونس الہی، طارق بشیر چیمہ، چودھری حسین الہی اور چوہدری سالک حسین مذاکرات میں شامل ہوں گے۔

اسی طرح مسلم لیگ ن کے وفد میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق، خواجہ اصف، رانا ثنا اللہ اور دیگر مرکزی رہنما شامل ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے لیےپرویز الٰہی 6 رکنی وفد کے ہمراہ خصوصی طیارے سے اسلام آباد روانہ ہوگئے، ان کے ساتھ محمد خان بھٹی، اقبال چودھری، محمد سلیم، محمد احمد، محمد فصیح اور ڈاکٹر سعدیہ موجود ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں