پوٹن قصائی ہیں اب زیادہ عرصے اقتدار میں نہیں رہ سکتے امریکی صدر

روسی صدر کسی بھی نیٹو ملک میں قدم رکھنے کا بھی نہ سوچیں، جوبائیڈن


ویب ڈیسک March 27, 2022
روسی صدر زیادہ عرصے اقتدار میں نہیں رہ سکیں گے، فوٹو: فائل

ISLAMABAD: امریکا کے صدر جوبائیڈن نے ولادیمیر پوٹن کو قصائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب روسی صدر زیادہ عرصے تک اقتدار میں نہیں رہ سکتے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے پولینڈ کے 2 روزہ دورے کی اختتامی تقریب سے خطاب میں روسی صدر کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ولادیمیر پوٹن اب زیادہ عرصے تک اقتدار میں نہیں رہ سکتے۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنے روسی ہم منصب کو قصائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پوٹن کے ہاتھ یوکرینی عوام کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ انھوں نے روسی صدر کو متنبہ کیا کہ کسی نیٹو ملک میں قدم رکھنے کا بھی نہ سوچیں۔

تاہم امریکی صدر جوبائیڈن کا یہ بھی کہنا تھا کہ یورپ میں امریکی فوج کی موجودگی نیٹو اتحادی ممالک کا دفاع ہے نہ کہ روس سے جنگ کرنا۔

ادھر روسی صدر کو قصائی کہنے پر فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس سے کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگا جب کہ روسی حکومت کے ترجمان دیمتری پیشکوف نے بھی امریکی صدر کے الفاظ کی مذمت کی۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے صدر بائیڈن کے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کا مطلب روس میں حکومت کی تبدیلی نہیں تھا۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔