طالبان نے خواتین کو محرم کے بغیر بیرون ملک سفر سے روک دیا

قبل ازیں اندرون ملک 72 کلو میٹر سے زیادہ سفر کے لیے خواتین کے ساتھ محرم کا ہونا لازمی قرار دیا گیا تھا


ویب ڈیسک March 27, 2022
خواتین کو ایئرپورٹ سے واپس بھیج دیا گیا، فوٹو: فائل

طالبان حکومت نے اندرون ملک کی طرح بیرون ملک جانے والی خواتین کو بھی محرم کے بغیر پروازوں میں سوار ہونے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کابل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر تنہا سفر کرنے والی خواتین کو پروازوں میں سوار ہونے سے یہ کہہ کر روک دیا گیا کہ وہ محرم کے بغیر بیرون ملک سفر نہیں کرسکتیں۔

یہ خواتین سرکاری فضائی کمپنی آریانا ایئرلائن اور ترکی کی ایئر لائن کام ایئر کے ذریعے کینیڈا سمیت دیگر ممالک جا رہی تھیں۔ یہ خواتین دوہری شہریت رکھتی تھیں اور اہل خانہ سے ملنے جارہی تھیں۔

کابل ایئرپورٹ پر کام کرنے والے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ خواتین کو محرم کے بغیر سفر سے روکنے کی ہدایت طالبان حکومت کی جانب سے آئی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے رابطہ کرنے پر طالبان حکومت کے ترجمانوں نے تبصرے سے گریز کیا۔

واضح رہے کہ طالبان حکومت نے چند ماہ قبل اندرون ملک 72 کلومیٹر سے زیادہ سفر کرنے والی خواتین کے ساتھ مرد رشتہ دار کا ہونا ضروری قرار دیا تھا تاہم اب یہ پابندی بیرون ملک جانے والی خواتین پر عائد کردی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں