آسکر تقریب میں ہالی ووڈ اداکار ول اسمتھ نے کرس راک کو تھپڑ مار دیا

اداکار کرس راک نے ول اسمتھ کی بیوی کا مذاق اڑایا تھا

اداکار کرس راک نے ول اسمتھ کی بیوی کا مذاق اڑایا تھا

آسکر کی تقریب میں اداکار ول اسمتھ نے بیوی کا مذاق اڑانے پر اداکار کرس راک کو زوردار تھپڑ جڑ دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق آسکر 2022 کی تقریب جاری تھی جس میں مزاحیہ اداکار کرس راک میزبانی کرتے ہوئے طنز و مزاح کر رہے تھے۔ اس دوران انہوں نے ول اسمتھ کی اہلیہ جیڈا پنکیٹ اسمتھ کے سر کے بال گرنے کا مذاق اڑایا تو اسٹیج سے نیچے بیٹھے ول اسمتھ غصے میں آگئے۔

بہترین اداکارکا ایوارڈ جیتنے والے ول اسمتھ اپنی نشست سے اٹھے اور آرام سے چلتے ہوئے کرس راک کے پاس گئے، جو انہیں غیر یقینی سے دیکھ رہے تھے۔ کرس کے پاس پہنچ کر اچانک ول اسمتھ نے زناٹے دار تھپڑ کرس کے منہ پر جڑا اور پھر آرام سے چلتے ہوئے اپنی سیٹ پر واپس آکر بیٹھ گئے۔




ول اسمتھ کی اس حرکت پر ان کی اہلیہ سمیت وہاں موجود سب لوگ ششدر رہ گئے اور ہال میں خاموشی چھاگئی جبکہ کرس راک کا چہرہ اتر گیا۔ تاہم وہ تھپڑ کھانے کے باوجود اپنی جگتوں سے باز نہ آئے اور کھسیانی انداز میں اپنے مذاق کو جاری رکھنے کی کوشش کی۔ تو اپنی نشست پر واپس بیٹھنے کے بعد ول اسمتھ نے کرس راک کو گالیاں دیتے ہوئے کہا کہ اپنا منہ بند رکھو۔

سوشل میڈیا پر اس واقعے کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور صارفین نے ملے جلے ردعمل کا مظاہرہ کیا۔ زیادہ تر صارفین نے ول اسمتھ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ وہیں بعض شائقین نے اس واقعے کو اسکرپٹڈ یعنی سوچی سمجھی حرکت بھی قرار دیا۔

واضح رہے کہ ول کی اہلیہ جیڈا بال جھڑ کی بیماری کا شکار ہیں۔
Load Next Story