ویمنز کرکٹ سیزن برائے 232022 کا اعلان کر دیا گیا

قومی خواتین کرکٹ ٹیم بسمہ معروف کی قیادت میں 8 انٹرنیشنل سیریز کھیلے گی


Sports Reporter March 28, 2022
فوٹو: اے ایف پی

قومی اور بین الاقوامی خواتین کرکٹ کے فرق کو کم کرنے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویمنز کرکٹ سیزن برائے 23-2022 کا اعلان کر دیا ہے۔

اس سیزن کے دوران قومی خواتین کرکٹ ٹیم بسمہ معروف کی قیادت میں 8 انٹرنیشنل سیریز کھیلے گی۔ ان انٹرنیشنل سیریز میں آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ، آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ، کامن ویلتھ گیمز، ایشین گیمز اور اے سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ایشیا کپ بھی شامل ہیں۔

سری لنکا کی خواتین کرکٹ ٹیم تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے مئی میں پاکستان آئے گی۔ یہ پہلا موقع ہوگا کہ جب پاکستان آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کے کسی میچ کی میزبانی کرے گا۔ مہمان ٹیم کے اس دورہ میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز بھی شامل ہیں۔

قومی خواتین کرکٹ ٹیم ستمبر میں چین روانہ ہوگی، جہاں وہ ایشین گیمز میں شرکت کرے گی۔ پھر اکتوبر نومبر میں آئرلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔ اس دوران مہمان ٹیم تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔

اسی طرح سیزن 23-2022 کے دوران ڈومیسٹک سطح پر بھی خواتین کرکٹ کے مقابلے منعقد ہوں گے۔

سیزن کا پہلا ایونٹ، قومی انڈر 19 ویمنز ٹورنامنٹ اگست میں مریدکے میں کھیلا جائے گا، جہاں چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ اس ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کرکٹرز کو بعدازاں ویمنز کرکٹ سیزن 23-2022 میں سینئر ٹیموں کی نمائندگی کا موقع بھی دیا جائے گا۔

نیشنل ویمنز ٹی ٹونٹی چیمپئن شپ ستمبر میں کھیلی جائے گی اور اس ایونٹ کو دو مرحلوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

پہلے مرحلے میں چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی چار ٹیمیں شرکت کریں گی اور یہاں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کرنے والی خواتین کرکٹرز کے ہمراہ تین نئی ٹیموں میں تقسیم کیا جائے گا۔ پھر ان تین ٹیموں کے مابین ٹی ٹونٹی چیمپئن شپ کی فاتح کو چیمپئن قرار دیا جائے گا۔

تیسرا اور آخری ویمنز ڈومیسٹک ایونٹ، ون ڈے ٹورنامنٹ اپریل میں کھیلا جائے گا۔ چار ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں کُل 14 میچز کھیلے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں