سچل گیس پلانٹ سے یومیہ دو کروڑ کیوبک فٹ یومیہ سستی گیس کی سپلائی شروع
15 سالہ قبل دریافت شدہ گیس کو قابل استعمال بنادیا گیا، 9 کروڑ کیوبک فٹ مزید سوئی ناردرن کو سپلائی کی جائے گی
ISLAMABAD:
سچل گیس پراسیسنگ پلانٹ سے سوئی ناردرن کو دو کروڑ کیوبک فٹ یومیہ سستی گیس کی سپلائی شروع ہوگئی، مزید 9 کروڑ کیوبک فٹ گیس رواں سال اسی سسٹم کا حصہ بنے گی۔
ملکی سستی گیس کی سپلائی میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، ماڑی پیٹرولیم نے 15 سالہ قبل دریافت کی گئی گیس کو قابل استعمال بنا دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سچل گیس پراسیسنگ پلانٹ کے ذریعے 2 کروڑ کیوبک فٹ یومیہ سستی گیس کی سپلائی شروع ہوگئی۔ ماڑی پیٹرولیم نے 25 کلومیٹر طویل پائپ لائن تعمیر کرکے سوئی ناردرن کو سپلائی شروع کردی۔
ایم ڈی ماڑی پیٹرولیم فہیم حیدر نے کہا ہے کہ 9 کروڑ کیوبک فٹ مزید گیس اسی سسٹم کے ذریعے رواں سال سوئی ناردرن کو سپلائی ہوگی، یہ پیداوار ملکی مجموعی گیس سپلائی کا 6 فیصد حصہ بن جائے گی، جون 2021ء میں بھی ماڑی پیٹرولیم نے 4 کروڑ کیوبک فٹ گیس سسٹم میں شامل کی۔
ایم ڈی فہیم حیدر نے مزید کہا کہ یہ اقدام ماڑی پیٹرولیم کی گیس پیداوار میں اضافے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔