ق لیگ کے طارق بشیر چیمہ نے وفاقی وزارت سے استعفیٰ دے دیا

زندگی رہی تو عدم اعتماد کا ووٹ عمران خان کے خلاف دوں گا، طارق بشیر چیمہ


ویب ڈیسک March 28, 2022
میں حکومت کے خلاف اصولی موقف سے واپس نہیں ہوسکتا، طارق بشیر ۔ فوٹو:فائل

مسلم لیگ (ق) کے طارق بشیر چیمہ نے اپنی وزارت سے استعفیٰ دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ق) کے رکن قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ نے اپنی وزارت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ طارق بشیر چیمہ نے وفاق میں حکومت کی حمایت پر اپنے استعفے سے متعلق ق لیگ کی قیادت کو پہلے ہی آگاہ کررکھا تھا، کیوں کہ وہ حکومت کی حمایت نہیں کرنا چاہتے تھے، جب کہ ق لیگ قیادت کی ہمدردیاں شروع سے ہی حکومت کے ساتھ تھیں۔

طارق بشیر چیمہ نے حکومت کیخلاف سخت موقف اپنا رکھا تھا۔ طارق بشیر کا کہنا تھا کہ میں حکومت کے خلاف اصولی موقف سے واپس نہیں ہوسکتا، وزیراعظم نے بہت سارا وقت ضائع کر لیا، حکومت جمہوری اداروں میں استحکام لانے اور صوبوں میں گورننس کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہی، زندگی رہی تو عدم اعتماد کا ووٹ عمران خان کے خلاف دوں گا۔

طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت اور پرویزالہٰی میں کوئی فرق نہیں، میں نے اجازت لے کر استعفیٰ دیا ہے، پارٹی کا ہر فرد اپنے فیصلے میں آزاد ہے،پرویزالہٰی میرے محسن ہیں، ہر لحاظ سے ان کے ساتھ ہوں، لیکن میرا ضمیر اجازت نہیں دے رہا ہے عمران خان پر اعتماد کا اظہار کروں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں