سپریم کورٹ کا اداکارہ صوفیہ مرزا کی بچیوں کو 3 ہفتوں میں وطن واپس لانے کا حکم

وزیر اعظم سے سمری جلد منظور کروا کر ٹیم دبئی بھیجی جائے، جسٹس مقبول باقر

ایف آئی اے کی ٹیم کو دبئی بجھوانے کیلئے وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری فوری سمری منظور کرائیں،عدالت فوٹوفائل

لاہور:
سپریم کورٹ نے ایف آئی اے کی ٹیم کو تین ہفتوں میں اداکارہ صوفیہ مرزا کی بچیوں کو وطن واپس لانے کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ میں اداکارہ صوفیہ مرزا کی بچیوں کی حوالگی کیس کی سماعت ہوئی۔ جسٹس مقبول باقر کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔ سپریم کورٹ نے ایف آئی اے کی ٹیم کو تین ہفتوں میں بچیاں وطن واپس لانے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے کہا ایف آئی اے کی ٹیم کو دبئی بھجوانے کے لیے وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری فوری سمری منظور کرائیں۔ جسٹس مقبول باقر نے ریمارکس دئیے ایف آئی اے ٹیم کے ساتھ وزارت داخلہ کے حکام نے بھی جانا ہوگا، اتنا عرصہ گزر گیا بچیاں واپس کیوں نہیں لائی جا سکیں۔


وزرات خارجہ حکام نے کہا حکومت بچیوں کو واپس نہیں لا سکتی، درخواست گزار کو خود دبئی جاکر کیس دائر کرنا ہوگا۔

اداکارہ صوفیہ مرزا نے کہا کئی ایسے کیسز ہیں جن میں حکومت بیرون ملک سے بندوں کو واپس لائی ہے، 12 سال سے میں ذلیل ہورہی ہوں۔ ڈی جی ایف آئی اے نے کہا ٹیم دبئی بھجوانے کے لیے سمری وزیر اعظم کو بھیجی ہوئی ہے۔

جسٹس مقبول باقر نے ریمارکس دئیے وزیر اعظم سے سمری جلد منظور کروا کر ٹیم دبئی بھیجی جائے۔ بعد ازاں کیس کی سماعت تین ہفتوں کے لیے ملتوی کردی گئی۔
Load Next Story