وزارتیں اورعہدے آنے جانے والی چیزیں ہیں کبھی عہدے کی تمنا نہیں رہی عثمان بزدار

نئے پاکستان کے عزم کی تکمیل میں ہمیشہ وزیراعظم عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑا رہوں گا، عثمان بزدار

وزیراعظم عمران خان کواستعفیٰ پیش کردیا ہے منظوری پروزارت اعلی چھوڑ دوں گا،عثمان بزدار:فوٹو:فائل

مستعفی وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ وزارتیں اور عہدے آنے جانے والی چیزیں ہیں کبھی عہدے کی تمنا نہیں رہی۔

اپنے ٹویٹر پیغام میں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو اپنا استعفیٰ پیش کر دیا ہے اور منظوری کے بعد وزارت اعلیٰ چھوڑ دوں گا، کبھی عہدے کی تمنا نہیں رہی، وزارتیں اور عہدے آنے جانے والی چیزیں ہیں پارٹی اور عوام سے کمٹمنٹ ہی سب سے اہم ہے۔


عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان کے عزم کی تکمیل میں ہمیشہ وزیراعظم عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑا رہوں گا،مجھے کبھی کسی عہدے کی تمنا نہیں رہی اور اپنی ذات سے بڑھ کر ملک اور قوم کا مفاد عزیز ہے۔

وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ الحمد للہ ساڑھے تین سال میں عوامی فلاح و بہبود کے ہزاروں منصوبے شروع کیے، اسلامی فلاحی ریاست کے منشور پر عمل درآمد کیا، ہر شہری کو ہیلتھ انشورنس دی اور ہر ضلع کو وسائل میں اس کا حق دلوایا۔

انہوں نے اپنے دورمیں منصوبوں کی تفصیلات شئیر کرتے ہوئے بتایا کہ 23 نئےاسپتالوں، 21 نئی یونیورسٹیز، 2 نہروں، 4 ڈیمز، 150 سے زائد نئے کالجز، 10 اسپیشل اکنامک زونز، ہزاروں کلومیٹرسڑکوں کی تعمیر، 27 ہزاراسکولوں کی اپ گریڈیشن، ہیلتھ کارڈ، ای گورننس منصوبے، 36 خدمت مراکز، 79 تحصیل ریسکیو 1122 سینٹرز سمیت ہزاروں تاریخی منصوبوں پر کام شروع کیا گیا۔
Load Next Story