عمران خان کو ہٹانے کے لیے عالمی انویسٹمنٹ ہوئی وزیر داخلہ

چاہتا ہوں عمران خان ایک اچھا سا بجٹ دیں اس کے فوری بعد شفاف انتخابات ہوجائیں، شیخ رشید کی پریس کانفرنس


ویب ڈیسک March 29, 2022
(فوٹو : فائل)

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان کو وزارت عظمی سے ہٹانے کے لیے عالمی انویسٹمنٹ ہوئی لیکن سازشیوں کو ناکامی ہوگی، عمران خان آخری گیند تک کھیلیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ چوہدری برادران میں بغاوت کی خبر غلط ہے، چوہدری شجاعت کا ہمارا ساتھ دینے کا فیصلہ برقرار رہے گا، ق لیگ ہمارے ساتھ آچکی خواہش اور دعا ہے کہ ایم کیو ایم بھی آجائے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پر بحث 31 تاریخ سے ہوگی تاہم ووٹنگ تین اپریل کو ہوگی اور فیصلہ آخری گھنٹے تک جائے گا، بعض لوگ ہار کر بھی جیت جاتے ہیں اور بعض لوگ جیت کر بھی ہار جاتے ہیں، قومی عمران خان کے ساتھ ہے یہ بات تو جلسے سے ثابت ہوگئی، امید ہے عمران خان آخری گیند تک کھیلے گا۔

انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے عمران خان کو ہٹانے کے لیے عالمی سازشی کی، عالمی سرمایہ کاری ہوئی وہ ناکام ہوگی، میری دعا ہے کہ اپوزیشن بندے پورے نہ کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ میں خود بھی حامی ہوں کہ انتخابات جلد ہوجائیں، چاہتا ہوں عمران خان ایک اچھا سے بجٹ دیں اور اس کے بعد انتخابات ہوجائیں، میری تین خواہشیں ہیں، اول یہ کہ قوم عمران خان کے لیے کھڑی ہو، دوم نالہ لئی بن جائے اور تیسری خواہش ہے کہ صاف شفاف اور غیر جانب دارانہ انتخابات ہوجائیں۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار پر انہوں نے کہا کہ گورنر جلد ان کے استعفی منظور ہونے کا نوٹی فکیشن جاری کردیں گے، عثمان بزدار نے تعمیری کام کیے، وزیر اعلی پنجاب نے جاتے جاتے راولپنڈی میں یونیورسٹی کی منظوری بھی دے دی۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں چار دہشت گرد پکڑے گئے ہیں جن میں دو خودکش بمبار ہیں، میں اس پر زیادہ بات نہیں کرنا چاہتا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پنڈی والے پاکستان کے حالات کو بخوبی سمجھتے ہیں، اگر انہوں نے غیر جانب داری کا مظاہرہ کیا ہے تو یہ اچھی بات ہے، یہ بات ٹھیک نہیں کہ ہر بات ہم پنڈی والوں پر ڈال دیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں