لکی مروت میں پاک فوج کے آپریشن کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز کے خفیہ آپریشن میں چار دہشت گرد ہلاک جبکہ 1 گرفتار ہوا اس دوران بڑی مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا


Staff Reporter March 29, 2022
ہلاک دہشت گرد ایف سی اہلکار کے قتل میں بھی ملوث تھے (فوٹو، فائل)

لاہور: خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پاک فوج نے پولیس کے ہمراہ خفیہ آپریشن کیا اور اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک گرفتار بھی ہوا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے لکی مروت کے علاقے شیری خیل میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا، آپریشن کے دوران ہونے والے فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک کو پکڑ لیا گیا۔

مارے جانے والے دہشت گردوں کی شناخت ساجد، علیم، آفتاب اور فضل الرحمان کے نام سے ہوئی، دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں ہتھیار اور ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا ہے۔

ہلاک دہشت گرد اغوا اور شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی کاروائیوں میں ملوث تھے، یہ دہشت گرد ایف سی کے ایک سپاہی کی بائیس جنوری کو شہادت میں بھی ملوث تھے، مقامی لوگوں نے آپریشن کو سراہتے ہوئے علاقے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے تعاون کی یقین دھانی کرائی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں