میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی نے ہنگامی حالت میں پھنسے ماہی گیروں کو بچا لیا

سمندر میں تیز ہواؤں کے باعث کشتی کا انجن ناکارہ ہوگیا تھا جس کے باعث ماہی گیر پھنسے ہوئے تھے


ویب ڈیسک March 29, 2022
انجن خراب ہونے کے بعد کشتی لاپتہ بھی ہوگئی تھی (فوٹو، فائل)

کراچی: پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی(پی ایم ایس اے) نے گوادر میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے دوران ہنگامی حالت میں پھنسے ماہی گیروں کو بچا لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ترجمان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کا کہنا ہے کہ 28 مارچ 2022 کو پی ایم ایس اے بیس نے گوادر کے قریب ایک کشتی کو ہنگامی حالات میں بچایا، گوادر کے رہائشی رحیم بخش نے بتایا کہ ان کی کشتی النوید رجسٹریشن نمبر 1676Bچار اہلکاروں کے ساتھ لاپتہ ہے جس میں ان کا بیٹا نوید بطور ناخدا شامل ہے۔

پی ایم ایس اے نے فوری طور پر اپنی بوٹ روانہ کی جو سر بندر کے قریب بتائے گے مقام کی طرف بڑھی، شام 5 بجے کے قریب پی ایم ایس اے کی بوٹ نے کشتی کو ہنگامی صورتحال میں پایا۔ پی ایم ایس اے نے عملے کو پانی، خوراک اور ادویات فراہم کیں اور کشتی میں پھنسے ہوئے عملے کو بحفاظت گوادر فشریز جیٹی تک پہنچا دیا۔

خیال رہے کہ مذکورہ کشتی 26 مارچ کو گوادر سے سر بندر کے قریب ماہی گیری کے لیے روانہ ہوئی تھی، تاہم تیز ہوا کے باعث کشتی کا انجن ناکارہ ہو گیا تھا۔ گوادر ماہی گیر اتحاد نے ریسکیو کو سراہتے ہوئے کہا کہ پی ایم ایس اے ماہی گیروں کی کال پر ہمیشہ جوابدہ ہے، پی ایم ایس اے سمندر میں زندگی کی حفاظت اور تمام آفات میں ماہی گیروں اور ان کی کشتیوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں