مقبوضہ کشمیر میں برقع پوش خاتون کے فوجی کیمپ پر حملے کی ویڈیو وائرل

پیرا ملٹری فورس کے کیمپ پر حملے سے افسران اور اہلکاروں کی دوڑیں لگ گئیں


ویب ڈیسک March 30, 2022
حملہ آور خاتون کو گرفتار کرنے کے لیے علاقے کا محاصرہ کرلیا گیا، فوٹو: ویڈیو گریب

مقبوضہ کشمیر میں ایک برقع پوش خاتون کے بھارتی پیرا ملٹری فورس کے کیمپ پر پٹرول بم حملے سے افسران کی دوڑیں لگ گئیں۔

مقبوضہ کشمیر کے ضلع سوپور کے علاقے میں واقع سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے کیمپ پر پٹرول بم سے حملہ کیا گیا۔ حملے سے افسران اور اہلکار خوف زدہ ہوکر بھاگ کھڑے ہوئے۔

سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے کیمپ پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج وائرل ہوگئیں جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ برقع پوش خاتون پیدل آتے ہوئے سیکیورٹی کیمپ کے مرکزی دروازے کے سامنے کھڑی ہوجاتی ہیں۔



خاتون نے تھیلے سے پٹرول بم نکالا اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے کیمپ کی جانب پھینک دیا تاہم یہ بم اندر داخل نہ ہوسکا اور دروازے پر ہی گر گیا۔

پٹرول بم گرنے سے دروازے پر آگ بھڑک اُٹھی جسے ایک سیکیورٹی اہلکار نے بجھا دیا۔ حملے کے بعد خاتون کی تلاش میں پورے علاقے کا محاصرہ کرلیا گیا۔

سوپور پولیس کے چیف کا کہنا ہے کہ حملہ آور خاتون کہیں نہیں چھپ سکتیں۔ انھیں جلد یا بدیر گرفتار کرلیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔