حاملہ خاتون کی موت کا ذمہ دار ٹھہرائے جانے پر لیڈی ڈاکٹر کی خودکشی

ہلاک ہونے والی حاملہ خاتون کے اہل خانہ نے اسپتال کے باہر احتجاج کیا اور ایف آئی آر بھی درج کرائی تھی


ویب ڈیسک March 30, 2022
حاملہ خاتون کے اہل خانہ نے لیڈی ڈاکٹر کے خلاف مقدمہ بھی درج کرایا تھا، فوٹو: بھارتی میڈیا

بھارت میں دوران زچگی خاتون کی ہلاکت کا ذمہ دار ٹھہرائے جانے پر لیڈی ڈاکٹر نے خودکشی کرلی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست راجستھان کے ضلع دوسہ کے ایک اسپتال میں حاملہ خاتون دوران زچگی ہلاک ہوگئی تھیں جس پر خاتون کے اہل خانہ نے لیڈی ڈاکٹر کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا۔

ہلاک ہونے والی حاملہ خاتون کے اہل خانہ نے اسپتال کے باہر احتجاج بھی کیا تھا۔ ایف آئی آر میں لیڈی ڈاکٹر کی غفلت کو حاملہ خاتون کی موت کی وجہ بتایا گیا تھا جس پر لیڈی ڈاکٹر ذہنی دباؤ کا شکار تھیں۔

آج لیڈی ڈاکٹر ارچنا شرما اپنے کمرے میں مردہ حالت میں پائی گئیں۔ ان کے شوہر بھی ڈاکٹر بھی ہیں اور دونوں مل کر یہ اسپتال چلایا کرتے تھے۔ خودکشی سے قبل رات گئے تک دیہاتیوں نے اسپتال کا محاصرہ کر رکھا تھا۔

ڈاکٹر ارچنا شرما نے خودکشی سے قبل ایک خط بھی لکھا جس میں درج تھا کہ '' میں نے کوئی غلطی نہیں کی ہے، میں نے کسی کی جان نہیں لی۔ پی پی ایچ ایک پیچیدہ عارضہ ہے جس پر ڈاکٹرز کو تشدد کا نشانہ نہ بنائیں۔

خیال رہے کہ PPH زچگی کے دوران ہونے والا وہ طبی مسئلہ ہے جس میں بچے کی پیدائش کے بعد ماں کے اندام نہانی سے خون تیزی سے بہنے لگتا ہے، یہاں تک کہ موت واقع ہوسکتی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں لیڈی ڈاکٹر کی خودکشی کی تصدیق ہوئی ہے تاہم اس کیس کی ہر پہلو پر تفتیش کی جائے گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں