کراچی میں گرمی کا 12 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا
درجہ حرارت 42.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا
March 30, 2022
شہر قائد میں مارچ کے مہینے میں گرمی کا 12 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کے روز شہر میں گرم ترین دن رہا، سمندری ہواؤں کی بندش اور بلوچستان کی گرم و خشک ریگستانی ہوائیں چلنے کی وجہ سے کراچی میں شدید گرمی رہی۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ شہر میں شارٹ ہیٹ ویو کا آغاز ہوگیا جو یکم اپریل تک جاری رہےگی جبکہ تین روزہ ہیٹ ویو کے دوران درجہ حرارت غیرمعمولی طور پر بڑھ سکتا ہے، اگلے 48 گھنٹوں کے دوران پارہ کبھی 40 اور کبھی 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بدھ کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، جس کی وجہ سے مارچ کے مہینے میں زیادہ گرم دن ریکارڈ ہونے کا سابقہ 12 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ 2 اپریل سے گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے اور رمضان المبارک کے پہلے ہفتے میں کمی گرمی میں کمی رہے گی تاہم 8 یا 9 اپریل سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔