ون ڈے رینکنگ پاکستانی ٹیم کے لیے پہیہ الٹا چل پڑا

آسٹریلیا سے پہلے میچ میں شکست نے ساتویں پوزیشن پر پہنچادیا


Sports Desk March 31, 2022
آسٹریلیا سے پہلے میچ میں شکست نے ساتویں پوزیشن پر پہنچادیا ۔ فوٹو : انٹرنیٹ

RAWALPINDI: ون ڈے رینکنگ میں پاکستانی ٹیم کے لیے پہیہ الٹا چل پڑا، جب کہ آسٹریلیا سے پہلے میچ میں شکست نے ساتویں نمبر پر پہنچادیا۔

پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو اپنے ہی ہوم گراؤنڈ پر آسٹریلیا سے بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا، مہمان سائیڈ میں شامل کم تجربہ کار کھلاڑی بھی نام نہاد میزبان اسٹارز پر بھاری پڑگئے۔

اس ناکامی نے جہاں گرین شرٹس کو ٹیسٹ کے بعد ایک روزہ سیریز میں شکست کے خطرے سے دوچار کر دیا، وہیں آئی سی سی ایک روزہ رینکنگ میں پوزیشن بھی مزید کمزور ہوگئی، ایک درجہ تنزلی کے بعد ٹیم ساتویں نمبر پر پہنچ گئی۔

حال ہی میں جنوبی افریقہ کو اس کے گراؤنڈز پر زیر کرنے والی بنگلادیش ٹیم نے چھٹی پوزیشن سنبھال لی، اگرچہ بنگال ٹائیگرز اور پاکستانی سائیڈ کے پوائنٹس 93، 93 برابر ہیں تاہم اعشاریائی پوائنٹس کی وجہ سے بنگلہ دیش کو برتری حاصل ہوگئی۔

پاکستان ٹیم کے پاس دوبارہ چھٹی پوزیشن پانے کا موقع بہرحال موجود ہے، وہ آسٹریلیا کو باقی دونوں میچز میں زیر کرکے ایک درجہ ترقی پاسکتی ہے، پانچویں پوزیشن بہرحال پہنچ سے باہر دکھائی دینے لگی جہاں پر جنوبی افریقہ 102 پوائنٹس کے ساتھ قبضہ جمائے ہوئے ہے،اگر بدقسمتی سے پاکستان ٹیم باقی دونوں ون ڈے میچز بھی ہارگئی تو آٹھویں نمبر پر بھی جانے کا خدشہ بہرحال نہیں ہوگا۔

آٹھویں پوزیشن کی سری لنکن ٹیم کے پوائنٹس صرف 81 ہیں، 77 پوائنٹس کے ساتھ ویسٹ انڈیز نے نویں اور 68 پوائنٹس لے کر افغانستان نے دسویں پوزیشن سنبھالی ہوئی ہے۔ ٹاپ پر نیوزی لینڈ کی ٹیم 121 پوائنٹس کے ساتھ موجود ہے، اس کے بعد دوسرے سے چوتھا درجہ بالترتیب انگلینڈ، آسٹریلیا اور بھارت نے سنبھالا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں