مختلف شہروں میں بجلی کی 8 گھنٹے تک غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری
ایندھن کی کمی اور پاور پلانٹس میں تکنیکی خرابی کے سبب بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا
ایندھن کی کمی اور پاور پلانٹس میں تکنیکی خرابی کے سبب بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا جس کے سبب ملک کے مختلف شہروں میں آٹھ گھنٹے تک بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پانی کی کمی کے باعث ڈیموں سے پن بجلی کی پیداوار میں بھی کمی واقع ہوئی ہے اور پن بجلی ذرائع سے ایک ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی سسٹم میں شامل ہوتی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس وقت بجلی کی مجموعی پیداوار 14 ہزار اور طلب 19 ہزار میگاواٹ سے زائد ہے ، سرکاری تھرمل پاور پلانٹ 3 ہزار میگا واٹ سے زائد بجلی پیدا کر رہے ہیں، آئی پی پیز کی بجلی کی پیداوار 11 ہزار میگا واٹ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی میں بجلی کی قیمتوں میں 3 روپے سے زائد کا اضافہ
چئیرمین نیپرا نے کہا ہے کہ ملک میں 5 ہزار 372 میگاواٹ کا شارٹ فال ہے، فیول کی قلت سے 2 ہزار 139 میگا واٹ بجلی کم پیدا ہورہی ہے، کے ٹو ٹرپ ہوا ہے جبکہ کے تھری ابھی مکمل آپریشنل نہیں ہوا۔
چئیرمین نیپرا نے کہا کہ کل چشمہ میں سی ون میں بھی کوئی فالٹ آیا ہے، اس وقت ملک میں 5 ہزار 372 میگاواٹ کا شارٹ فال ہے، حکومت چالیس ہزار میگاواٹ کی صلاحیت کا دعویٰ کرتی ہے، اگر پانچ سات ہزار میگاواٹ کم ہو بھی گئی تو فرق نہیں پڑنا چاہیے تھا۔