باہر سے آنیوالوں کیلیے بالی ووڈ میں قدم جمانا بہت مشکل ہے نیہا شرما

فلمی پس منظررکھنےوالوں کو آسانی کےساتھ کام مل جاتا ہے ،دوسروں کوفلمیں حاصل کرنے کےلیے تعلقات اور رابطے بنانا پڑتے ہیں


Showbiz Desk February 25, 2014
غیر فلمی خاندان سے تعلق نہ ہونے کے باوجود بالی ووڈ میں اپنی موجودہ کامیابیوں اور مستقبل کے حوالے سے خوش اور مطمئن ہوں ۔ فوٹو : فائل

بالی ووڈ اداکارہ نیہا شرما کا کہنا ہے کہ فلمی خاندان سے تعلق رکھنے والی اداکاراؤں کو ان کے خاندانی پس منظر کے باعث آسانی سے فلمیں مل جاتی ہیں جب کہ باہر سے آنیوالوں کے لیے بالی ووڈ میں اپنے قدم جمانا اور پہچان بنانابہت مشکل کام ہے انھیں رابطے قائم کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اداکاری میں اپنی پہچان بنانے کے باوجود ان سے اڈیشن لیے جاتے ہیں ۔

2010 میں فلم کروک سے بالی ووڈ میں اپنے فنی سفر کی ابتدا کرنیوالی نیہا شرما جو اب تک ''کیا سپر کول ہیں ہم'' ، ''جینتا بائی کی لو اسٹوری'' اور ''یملا پگلا دیوانہ'' جیسی فلموں میں ہیروئن کے کردار میں اپنی پرفارمنس دکھا چکی ہیں اور اب ان کی ایک اور فلم ینگستان ریلیز ہونے والی ہے اس فلم میں وہ جیکی بھاگنانی کے ساتھ مرکزی کردار ادا کررہی ہیں کا کہنا ہے کہ خاندان کا فلمی پس منظر نہ ہونے کے باعث اب بھی کسی فلم میں کاسٹ کرنے سے قبل میرا اڈیشن لیا جاتا ہے اس کے باوجود میں بالی ووڈ میں اپنی کامیابیوں اور مستقبل کے حوالے سے مطمئن اور خوش ہوں یاد رہے کہ نیہا شرما سید احمد افضال کی ہدایتکاری میں بھارتی سیاست پر بنائی جانیوالی فلم ''ینگستان'' میں اداکار جیکی بھگنانی کے مد مقابل مرکزی کردار ادا کررہی ہیں ۔ فلم کاٹریلر، پوسٹر اور گیت گزشتہ دنوں جاری کیے جاچکے ہیں اطلاعات کے مطابق ان دنوں اس کی عکس بندی کے ساتھ ساتھ تشہیری مہم بھی جاری ہے فلم میں مرحوم اداکار فاروق شیخ جیکی بھاگنانی کے والد کے کردار میں ہیں جب کہ بومن ایرانی بھی اہم کردار میں ہیں۔

فلم کی کہانی ایک ایسے نوجوان کے متعلق ہے جو جاپان میں تعلیم حاصل کررہا ہوتا ہے اور اس کا والد بھارت کا وزیر اعظم ہوتاہے جو اچانک انتقال کرجاتا ہے جس پر اس 28سالہ نوجوان کو وزیراعظم بنادیاجاتاہے اوریہ کردار اداکارجیکی بھاگنانی ادا کررہے ہیں جب کہ نیہا شرما اس کی محبوبہ کے کردار میں ہیں ۔ دونوں باڈی گارڈز اور سیکرٹ سروسز کے افراد کے گھیرے میں ملاقاتیں کرتے ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ زندگی گزارنے کے وعدے کرتے ہیں ۔ فلم 28 مارچ کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی ۔نیہا شرما کا اپنی اس فلم کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہنا ہے کہ میں فلم میں مرکزی کردار نبھارہی ہوں اور یہ فلم میری پہلے سے ریلیز ہونے والی فلموں سے مختلف ہوگی بھارتی سیاست پر بنائی جانیوالی فلم میں رومانس کے ساتھ ساتھ تھرل بھی ہے ۔ موجودہ حالات میں یہ فلم باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوگی ایک سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ کم عرصے میں مرکزی کرداروں میں کاسٹ کرنے پر خوش ہوں یہی میرے لیے اعزاز ہے ۔مرحوم اداکار فاروق شیخ کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے نیہا شرما کا کہنا تھا کہ فاروق شیخ ایک بہترین اور منجھے ہوئے اداکارہ تھے اور فلم میں مرکزی کردار ادا کررہے تھے۔

انھوں نے کئی موقعوں میں نہ صرف میری بلکہ بالی ووڈ کے متعدد فنکاروں کی رہنمائی کی ان کے دنیا سے جانے کا یقین نہیں آرہا ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ اب بھی ہم میں موجود ہیں اور ہماری رہنمائی کررہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں نیہا شرما کہا کہنا تھا کہ بالی ووڈ کی تقریباً تمام اداکارائیں اشتہارات میں کام کررہی ہیں ۔ میں نے نیشنل فیشن انسٹیوٹ سے فیشن ڈیزاننگ کا کورس مکمل کرنے کے بعد شوبز کی دنیا میں بطور ماڈل قدم رکھا اس وقت بھی کئی اشتہاری فلموں میں کام کر رہی ہوں اور آئندہ بھی اداکاری کے ساتھ ماڈلنگ کو بھی جاری رکھوں گی ۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں نے رقص پر بھی خصوصی توجہ دی ہے امید ہے آنیوالی فلموں میں شائقین مجھے میں ایک نئی اداکارہ کو دیکھیں گے۔ واضح رہے کہ اداکارہ نے 2007میں تلگو فلم میں اداکاری کا آغاز کیا ۔تلگو فلم ''چیروتھا''میں نیہا کی پرفارمنس کو سراہا گیا۔ پہلی ہندی فلم موہت سوری کی ''کروک ''تھی ،پھر کنال کوہلی کی فلم ''تیری میری کہانی ''میں مختصر کردار نبھایا ۔ نیہا شرما نے 2012میں ریلیز ہونے والی ایکتا کپور کی ہندی فلم ''کیا سپر کول ہیں ہم ''میں مکمل کردار نبھایا جسے شائقین نے پسند کیا ۔جب کہ اسی برس کے دوران دو اور فلموں ''جینتا بائی کی لواسٹوری' اور ''یملا پگلا دیوانہ2'' میں جلوہ گر ہوئیں ان دونوں فلموں میں نیہا کی پرفارمنس کو پسند کیا گیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں