عمران خان نے منحرف ارکان اسمبلی کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دیدی
ہارس ٹریڈنگ کے مرتکب اراکین صادق و امین نہیں رہے، ریفرنسز جلد اسپیکر کو ارسال کردیں گے، مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان
کراچی:
وزیراعظم عمران خان نے بطور پارٹی چیئرمین منحرف ارکان اسمبلی کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے منحرف اراکین قومی اسمبلی کو وضاحت کے لیے دیا گیا وقت ختم ہوگیا، منحرف اراکین قومی اسمبلی کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔
وزیراعظم نے منحرف اراکین قومی اسمبلی کی جانب سے موصول ہونے والے جوابات مسترد کردیے اور انہوں ںے بطور پارٹی چیئرمین اراکین قومی اسمبلی کے خلاف ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری دے دی۔
اس حوالے سے مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان اور عامر محمود کیانی کے درمیان ملاقات بھی ہوئی جس میں چیئرمین تحریک انصاف کی ہدایات کی روشنی میں منحرف اراکین کے خلاف ریفرنسز تیار کیے گئے۔ منحرف اراکین کے خلاف دستاویزی ثبوت بھی ریفرنسز کے ساتھ بھجوائے جائیں گے۔
مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے آئین کے آرٹیکل 63-اے (ون) کے تحت ریفرنسز تیار کیے گئے ہیں، وزیراعظم نے بے ضمیر اراکین کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لانے کی ہدایات دی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ملک کا دستور، اراکین پارلیمان پر صداقت و امانت کی بنیادی شرط عائد کرتا ہے، ہارس ٹریڈنگ کے مرتکب اراکین نے پارلیمانی پارٹی کے سربراہ کی ہدایات سے کھلا انحراف کیا ہے، ضمیر فروشی اور ہارس ٹریڈنگ جیسے سنگین دستوری جرم کے مرتکب اراکین صادق و امین بھی نہیں رہے۔
مشیر پارلیمانی امور نے مزید کہا کہ وزیراعظم و چیئرمین تحریک انصاف کی ہدایات کی روشنی میں ریفرنسز تیار کرلیے ہیں، منحرف اراکین کے خلاف قانونی کارروائی کے تحت ریفرنسز جلد اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوا دیے جائیں گے۔