رمضان کے پہلے ہفتے موسم معتدل رہنے کا امکان
رمضان کے پہلے ہفتے درجہ حرارت 34سے35ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے، محکمہ موسمیات
LONDON:
محکمۂ موسمیات نے رمضان کے پہلے ہفتے میں شہر قائد میں موسم معتدل رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق شہر قائد میں آج ہیٹ ویو کے تیسرے روز بھی سورج آگ برساتا رہا، دن بھر گرم اورخشک ہوائیں چلنے کے سبب پارہ زیادہ سے زیادہ 40.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 25 فیصد رہا۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق ہفتے سے شہر میں سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے جس سے درجہ حرارت میں کمی ہوگی اور رمضان کے پہلے ہفتے میں موسم معتدل رہے گا۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردارسرفراز کے مطابق رمضان المبارک کے پہلے ہفتے کے دوران کراچی میں درجہ حرارت 34سے35ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے، تاہم 9اپریل کے بعد گرمی کی شدت میں ایک تا2ڈگری اضافہ متوقع ہے،اس دوران ہیٹ ویو جیسی صورتحال کا فی الحال کوئی امکان نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری ہوائیں شام کے وقت جذوی طورپربحال ہوئیں ہیں جس سے اب درجہ حرارت نیچے کی طرف آنے کا امکان ہے۔ ارلی وارننگ سینٹر نے پیش گوئی کی ہے کہ ہفتے کو درجہ حرارت میں کچھ کمی سے پارہ 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ کےدرمیان رہنے کی توقع ہے، اگلے 24گھنٹے کے دوران سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں مکمل طورپربحال ہونے کے بعد گرمی کی موجودہ لہر میں مزید کمی کے بعد مطلع متوازن رہ سکتا ہے۔