پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا

پاکستان بھر میں اتوار کو پہلا روزہ ہوگا

(فوٹو: ٹوئٹر)

مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے ملک بھر میں رمضان المبارک 1443 ہجری کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا، جس کے تحت اتوار کو پاکستان بھر میں پہلا روزہ رکھا جائے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا سید عبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت اجلاس چارسدہ روڈ پشاور پر قائم محکمہ اوقاف کے دفتر میں ہوا۔ علاوہ ازیں رویت ہلال کمیٹی کی زونل اور اضلاعی کمیٹیاں اپنے اپنے مقامات بشمول مذہبی امور، کوہسار بلاک، اسلام آباد میں موجود رہے۔

پنجاب کی زونل کمیٹی کا اجلاس ایوان اوقاف لاہورمیں ہوا۔ چاند کی رویت کے لیے محکمہ موسمیات اور سپارکو کی خدمات بھی حاصل کی جارہی گئیں۔


کراچی، لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ اور دیگر علاقوں سے شہادتیں موصول ہونے کے بعد زونل کمیٹی کے اراکین نے مرکزی کمیٹی کو رپورٹ جمع کرائی جس کے بعد رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبد الخبیر نے رمضان المبارک 1443 ہجری کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ایک بار پھر ہم وحدت کی طرف جارہے ہیں کیونکہ رواں سال بھی ایک ساتھ رمضان المبارک کا آغاز ہورہا ہے اور کل پورے ملک میں ایک ساتھ روزہ رکھا جائے گا۔

چیئرمین مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے اپیل کی کہ عوام الناس اور ادارے چاند کی رویت کی اطلاع مقامی انتظامیہ،زونل کمیٹی کودیں۔

دوسری جانب رویت ہلال ریسرچ کونسل کی طرف سے آج رمضان المبارک کاچاند واضح طورپر نظرآنے کی پہلے ہی پیش گوئی کردی ہے۔
Load Next Story