منی لانڈرنگ کیس شہباز شریف اور حمزہ کی ضمانت منسوخی کی درخواست دائر

عدالت نے شہباز شریف کو چار اپریل کے لیے نوٹس جاری کر دیے

عدالت نے شہباز شریف کو چار اپریل کے لیے نوٹس جاری کر دیے(فوٹو : فائل)

حکومت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت خارج کروانے کے لیے درخواست دائر کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزارت قانون کا قلمدان سنبھالتے ہی وفاقی وزیر فواد چوہدری ان ایکشن ہوگئے، اور انہوں نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں شہبازشریف اور حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت خارج کرنے کے لیے پراسکیوشن کو ہدایات جاری کردیں، جس کے بعد ایف آئی اے نے عدالت میں درخواست بھی دائر کردی۔

ایف آئی اے کی ٹیم ایف آئی اے اسپیشل کورٹ پہنچی اور مسلم لیگ ن کے رہنماوں کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت خارج کرنے کے لیے درخواست دائر کردی، اور عدالت سے شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی قبل از گرفتاری کا 25 مارچ کا عبوری حکم منسوخ کرنے کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف پیش کیا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز عبوری ضمانت کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں، عدالت 25 مارچ کا عبوری ضمانت کا حکم معطل کرے، ایف آئی اے عدالت نے 4 اپریل تک شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت منظور کی تھی اور دونوں رہنما چار اپریل تک ضمانت پر ہیں۔


عدالت نے ایف آئی اے پراسکیوٹر سے مکالمہ کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ عدالت اپبے فیصلہ پر کیسے نظر ثانی کر سکتی ہے، اگرعدالتی فیصلہ غلط ہے تو ہائی کورٹ سے رجوع کرتے۔ ایف آئی اے پراسکیوٹر نے عدالت کو جوب دیا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز عبوری ضمانت کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں، عدالت ضمانت میں توسیع کا حکم واپس لے۔

ایف آئی اے اسپیشل عدالت کے جج نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، جب کہ شہباز شریف کو چار اپریل کے لیے نوٹس جاری کر دیے۔

 

 
Load Next Story