عمران خان کو عدم اعتماد میں شکست کے بعد دھمکیوں کا جواب دینا ہوگا شہباز شریف
وزیر اعظم آپ آئین و قانون کے خلاف راستہ اپنارہے ہیں، صدر مسلم لیگ (ن)
JALALABAD:
مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان شکست ماننے کو تیار نہیں ہیں اور اس طرح وہ قوم کو تقسیم در تقسیم کرنے کی سازش میں ملوث ہیں، عمران خان کو تحریک عدم اعتماد میں شکست کے بعد دھمکیوں کا جواب دینا ہوگا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ عمران خان کی غیر جمہوری سوچ کو آئین کے مطابق دفن کریں گے، عمران خان آئین و قانون کے خلاف راستہ اپنارہے ہیں، آذاد قوم کی طرح زندہ رہنا ہے تو ہمیں کشکول کو توڑنا ہوگا، ہمیشہ کہا خود انحصاری نہیں ہوگی تو آزادی نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے طرز عمل اور دھمکیوں اور اپنے حواریوں کو اکسا رہے ہیں، عمران خان کو تحریک عدم اعتماد میں شکست کے بعد دھمکیوں کا جواب دینا ہوگا۔شہباز شریف نے کہا کہ تمام ممبران کو ووٹ ڈالنے کا حق ہے احترام کیا جانا چاہیے، امید ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے مطابق ووٹ کا حق دیا جائے گا۔
علاوہ ازیں شہباز شریف نے اپنے بیان کی وضاحت کی کہ بھکاری اپنی مرضی نہیں چلاسکتے یہ بات پہلے بھی کئی بار کرچکا ہوں، میرے بیان کا تعلق مشرق سے ہے نہ مغرب سے، کوئی قوم معاشی طور پر آزاد نہیں اس کی آزادی کوئی معنی نہیں رکھتی، عمران خان جو بھی باتیں کرتے ہیں ہمیں کوئی سروکار نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی کوشش کی گئی، اور میرے بیان کو امریکا سے جوڑ دیا گیا، 2011 میں ڈرون حملوں پر امریکی امداد سے معذرت کرلی تھی، میرا بیان پاکستان اور پاکستانی ہونے کے ناطے تھا۔