گھریلو جھگڑے کے دوران بھائی کی فائرنگ سے بہن جاں بحق

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگیا جبکہ مقتولہ کے شوہر کا بھی چند سال قبل قتل ہوا تھا


Staff Reporter April 02, 2022
مقتول کی شناخت 28 سالہ حسنہ زوجہ حاکم کے نام سے ہوئی (فوٹو، فائل)

شہرقائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں گھریلو جھگڑے کے دوران بھائی کی فائرنگ سے بہن جاں بحق ہوگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے بلوچ گوٹھ میں گھر کے اندر فائرنگ کے واقعے میں خاتون زندگی کی بازی ہار گئی جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال لائی گئی۔

اس حوالے سے ایس ایچ او اورنگی ٹاؤن ندیم صدیقی نے بتایا کہ مقتولہ کی شناخت 28 سالہ حسنہ زوجہ حاکم کے نام سے کی گئی جبکہ ابتدائی معلومات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ گھریلو جھگڑے کے دوران پیش آیا جس میں ملزم جاوید جو کہ مقتولہ کا بھائی ہے اس نے فائرنگ کر کے بہن کو قتل کیا۔

ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے شوہر کا بھی چند سال قبل قتل ہوا تھا تاہم ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، جس کی تلاش میں پولیس چھاپے مار رہی ہے۔

ندیم صدیقی نے مزید کہا کہ ابتدائی تفتیش میں جھگڑا جائیداد کا تنازع بتایا جا رہا ہے تاہم ملزم کی گرفتاری کے بعد ہی اصل وجہ کا تعین ہو سکے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں