چوہدری سرور کی پرویز الہی کے ساتھ بن نہیں رہی تھی اس لئے ہٹا دیا فواد چوہدری

چوہدری سرور اچھے آدمی ہیں ہمارا ان کے لئے بڑا احترام ہے، چوہدری فواد حسین


ویب ڈیسک April 03, 2022
پاکستان کے عوام ان لوگوں سے نفرت کرتے ہیں، چوہدری فواد حسین فوٹوفائل

وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ن لیگ والوں سے ہمدردی ہے باپ کہتا ہے میں نے ملک کا وزیراعظم بننا ہے جب کہ بیٹا وزیراعلیٰ بننے کا خواب دیکھ رہا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و قانون چوہدری فواد حسین نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا (ن) لیگ والوں سے ہمدردی ہے، ایک فیملی ٹی ٹیز میں ملوث ہے، باپ کہتا ہے میں نے ملک کا وزیراعظم بننا ہے، بیٹا وزیراعلیٰ بننے کا خواب دیکھ رہا ہے۔

وزیراطلاعات نے کہا ان لوگوں میں کوئی شرم ہی نہیں ہے، یہ اپنے آپ کو مغلیہ فیملی سمجھتے ہیں، پاکستان کے عوام ان لوگوں سے نفرت کرتے ہیں، کئی ایسے لوگ ہیں جنہوں نے شیروانیاں سلوائی ہیں لیکن انہیں پاجامے نہیں مل رہے۔

چوہدری فواد حسین نے کہا آج آزاد، خودمختار پاکستان اور ایک محکوم پاکستان کے درمیان ووٹنگ ہے، ایک طرف کہا جاتا ہے کہ پاکستان اور پاکستان کی قوم کو عزت دو جبکہ دوسری طرف کہا جاتا ہے کہ ہم بھکاری ہیں اور ڈرپوں پر لگے ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو عہدے سے برطرف کردیا

وزیراطلاعات نے کہا قائداعظم محمد علی جناح نے ہمیں جس طرح آزادی دلائی تھی آج اسی طرح کی آزادی کا یہ موقع ہے۔ پاکستان کی قوم خودمختار اور غیرت مند قوم ہے، وہ ان لوگوں کے ساتھ کبھی بھی نہیں جائے گی جو اپنے آپ کو بھکاری کہتے ہیں، فلور کراسنگ میں ملوث ارکان نے اپنی عزت پہلے ہی کھو دی ہے، اب انشاء اللہ تاحیات پابندی ہوگی تو ان کی سیاست بھی ختم ہو جائے گی۔

فواد چوہدری نے کہا چوہدری سرور اچھے آدمی ہیں، ہمارا ان کے لئے بڑا احترام ہے، چوہدری سرور کی پرویز الہی کے ساتھ بن نہیں رہی تھی، اس لئے ہٹا دیا اورعمر سرفراز چیمہ کو نیا گورنر پنجاب بنادیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں