اپوزیشن 90 دن میں الیکشن کی تیاری کرے فواد چوہدری
آرٹیکل 69 کے تحت سپریم کورٹ کو پارلیمان کی رولنگ کو ’جج‘ کرنے کا اختیار نہیں، رہنما پی ٹی آئی
تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سیاست کے فیصلے عدالتوں میں نہیں ہوتے اور ہونے بھی نہیں چاہیں اوراپوزیشن 90 دن میں الیکشن کی تیاری کرے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ اب ہمیں عدالت کے سامنے اپنا کیس پیش کرنے کاموقع ملے گا، ہماری وکلا ٹیم بھی تیار ہے جو عدالت میں اپنا نقطہ پیش کریں گے، بنیادی نقطہ یہ ہی ہے کہ آرٹیکل 69 کے تحت سپریم کورٹ کو پارلیمان کی رولنگ کو 'جج' کرنے کا اختیار نہیں کیونکہ یہ اسپیکر کی صوابدید ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اس ضمن میں عدالتوں کے بہت سارے فیصلے موجود ہیں، دوسرا نقطہ یہ ہے کہ ڈپٹی اسپیکر نے آرٹیکل 5 کے تناظر میں صورتحال کا جائزہ لیا، تیسری بات یہ ہے کہ اب سیاسی جماعتیں شیر کیوں نہیں بن رہی، جو حکومت الیکشن میں جارہی ہے وہ خوش ہے لیکن اپوزیشن کے چہرے اترے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کے رہنماؤں کے انسو آچکے ہیں، حکومت سینہ تان کر میدان میں نکلی ہے، متحدہ اپوزیشن کبھی ایک کونے اور کبھی دوسرے کونے میں سر چھپا رہی ہے، سیاست کے فیصلوں میں عدالتوں میں نہیں ہوتے، سیاست کے فیصلے سڑک اور عوام میں ہوتے ہیں۔