الیسا ہیلی نے گلکرسٹ کو بھی پیچھے چھوڑدیا

فائنل میں 170 کی ریکارڈ اننگز، ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ 509 رنز بنائے

فائنل میں 170 کی ریکارڈ اننگز، ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ 509 رنز بنائے ۔ فوٹو : انٹرنیٹ

آسٹریلوی بیٹر الیسا ہیلی نے انگلینڈ کیخلاف ویمنز ورلڈ کپ فائنل میں 170 کی اننگز کھیل کر کئی ریکارڈز پاش پاش کردیے۔

الیسا ہیلی نے ورلڈکپ فائنل میں انفرادی اننگز کا نیا ریکارڈ بھی قائم کردیا، ان سیقبل یہ اعزاز ان کے ہموطن ایڈم گلکرسٹ کو حاصل تھا، جنھوں نے 2007 کے ورلڈ کپ فائنل میں سری لنکا کیخلاف 149 کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔

انگلینڈ کی نٹالی اسکوائر محض ایک رنز کی دوری سے گلکرسٹ کا یہ ریکارڈ برابر نہیں کرپائیں، انھوں نے اسی مقابلے میں 148 کی اننگز کھیلی۔ ہیلی اور ان کی ساتھی اوپنر راشیل ہائنز نے کسی ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ 456 رنز بنانے کا سابق کیوی بیٹر ڈیبی ہوکلے کا ریکارڈ بھی توڑدیا۔


انھوں نے یہ کارنامہ 1997 میں انجام دیا تھا، ہیلی نے حالیہ ایڈیشن میں 509 جبکہ ہائنز نے 497 رنز جوڑے ہیں، اس سے قبل فائنل میں ویمنز کرکٹر کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کا ریکارڈ سابق آسٹریلوی بیٹر کیرن رولٹن کے قبضے میں تھے جو انھوں نے 2005 میں بھارت کیخلاف 107 رنز ناٹ آؤٹ بناکر قائم کیا تھا۔

اس دوران انھوں نے سر ویوین رچرڈز (138 ناٹ آؤٹ بمقابلہ انگلینڈ 1979) سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ (140 ناٹ آؤٹ بمقابلہ بھارت 2003) ایڈم گلکرسٹ (149 بمقابلہ سری لنکا 2007) کو بھی پیچھے چھوڑدیا۔

الیسی ہیلی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل اور پھر فائنل میں لگاتار دو سنچریاں بنانے والی دنیا کی پہلی کرکٹر ( مرد و خواتین ) بنیں، ان کے علاوہ انٹرنیشنل ایونٹ میں ان کے ہموطن شین واٹسن نے 2009 چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل اور پھر فائنل میں سنچریاں بنارکھی ہیں۔
Load Next Story