اپوزیشن کے کہنے پر الیکشن کا اعلان کیا اور یہ لوگ سپریم کورٹ چلے گئے وزیراعظم

بھیڑ بکریوں کی طرح ارکان اسمبلی کو خریدا گیا، عوام احتجاج ریکارڈ کرائیں میں خود بھی شرکت کروں گا، عمران خان

(فوٹو : فائل)

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے کہنے پر الیکشن کا اعلان کیا اب یہ لوگ سپریم کورٹ چلے گئے۔

پروگرام '' آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ'' میں آن لائن سوالات کے جوابات دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن ساڑھے تین سال سے کہہ رہی تھی کہ انتخابات کرائیں، اپوزیشن کہتی رہی کہ حکومت سلیکٹڈ اور نااہل ہے اور ناکام ہوگئی اسی لیے ہم نے انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا ہے، ہم اب کہہ رہے ہیں کہ الیکشن لڑو اور اپوزیشن ہمارے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ چلی گئی۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ انتخابات میں اپنے امپائر کھڑے کرنا چاہتے ہیں، یہ لوگ چاہتے ہیں کہ اپنے لوگوں کو لا کر الیکشن کی طرف چلے جائیں، یہ لوگ الیکشن کمیشن میں اپنے بندے لگاکر اس کے بعد انتخابات کی طرف جانا چاہتے ہیں، ان کی کوشش ہے کہ اقتدار میں آکر اپنے کیسز ختم کردیں، ان کی ساری کوششیں نیب کے خاتمےکے لیے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ یہ چھانگا مانگا کی سیاست ہے کہ بھیڑ بکریوں کی طرح ارکان اسمبلی کو خریدا جائے یہ جمہوریت نہیں جب کہ باہر سے بھی سازش ہوئی یعنی یہ حکومت گرا کر اگلی حکومت بنائی جائی، میں اس عمل کے خلاف احتجاج کا اعلان کرتا ہوں، عوام سے کہتا ہوں کہ اس غیر جمہوری عمل کے خلاف اسلام آباد ریڈزون کے باہر بلیو ایریا میں نماز عشا کے بعد احتجاج ریکارڈ کرائیں، اس احتجاج میں، میں خود بھی شرکت کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان لاہور میں احتجاج کریں گے، مجھے معلوم ہے لاہور کے ہوٹل میں لوگوں کو خریدا جارہا ہے، منحرف ارکان کو جیلوں میں ڈالنا چاہیے۔


عمران خان کی زیر صدارت کور کمیٹی کا اجلاس

دریں اثنا وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کور کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مشاورت سے سابق چیف جسٹس (ر) گلزار احمد کا نگران وزیراعظم کے لیے تجویز کیا گیا۔

یہ پڑھیں : عمران خان نے نگراں وزیراعظم کے لیے جسٹس (ر) گلزار کا نام فائنل کردیا
اپوزیشن رہنماء باڈی لینگویج سے شکست خوردہ نظر آرہے ہیں، عمران خان

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سازش کو ناکام بنانے پر ہم اللہ کے حضور شکر گزار ہیں، اپوزیشن رہنماء باڈی لینگویج سے شکست خوردہ نظر آرہے ہیں، یہ لوگ اب ہمارا مقابلہ نہیں کر سکیں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ حکومت گرانے والے حکومت بحال کروانا چاہتے ہیں، یہ عوام کی عدالت میں جانے سے ڈر رہے ہیں، یہ ناجائز دولت کے ذریعے اقتدار میں آکر اپنے کیسز اور نیب ختم کرنا چاہتے ہیں، ہمیں حکومت سے زیادہ پاکستان کا مفاد عزیز ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ آئندہ انتخابات کے لیے پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنائیں،عثمان بزدار نے بطور وزیر اعلیٰ بہترین کام کیا۔
Load Next Story