کالعدم تحریک طالبان نے عصمت اللہ شاہین کی ہلاکت کی تصدیق کردی

عصمت اللہ شاہین کو خفیہ ایجنسیوں نے قتل کروایا، خفیہ ایجنٹوں کو پکڑ کر نشان عبرت بنادیں گے، شاہد اللہ شاہد

گزشتہ روز درگہ منڈی کے قریب عصمت اللہ شاہین گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 ساتھیوں اور ڈرائیور سمیت ہلاک ہوگئے تھے۔ فوٹو: فائل

کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے طالبان کے اہم کمانڈر عصمت اللہ شاہین کی فائرنگ کے واقعہ میں ہلاکت کی تصدیق کردی۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد نے عصمت اللہ شاہین کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں درگہ منڈی میں قتل کیا گیا۔ عصمت اللہ شاہین کے قتل سے طالبان تحریک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے جب کہ طالبان کے لئے ان کی ہلاکت کا خلا پر کرنا مشکل ہوگا تاہم ان کا مشن جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عصمت اللہ شاہین کو خفیہ ایجنسیوں نے قتل کروایا، خفیہ ایجنٹوں کو پکڑ کر نشان عبرت بنادیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز صبح میران شاہ بازار سے کچھ دور دتہ خیل روڈ پر درگہ منڈی کے قریب عصمت اللہ شاہین گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 ساتھیوں اور ڈرائیور سمیت ہلاک ہوگئے تھے۔ امریکی ڈرون حملے میں حکیم اللہ محسود کی ہلاکت کے بعد عصمت اللہ شاہین کو طالبان کا قائم مقام سربراہ بھی مقرر کیا گیا تھا۔
Load Next Story