عمران نیازی آئین قانون اور جمہوریت کا قتل عام کرکے دندناتا پھررہا ہے شہباز شریف

عمران خان اپنے ساتھ پورے نظام اور ملک کو ڈبونے پر تل چکا ہے، صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)


ویب ڈیسک April 06, 2022
آئیں ہم سب آئین اور قانون کی حفاظت اور پاسداری کے لیے یکجا ہو جائیں، صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) (فوٹو: فائل)

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی آئین، قانون اور جمہوریت کا قتل عام کرکے دندناتا پھررہا ہے جبکہ آئین انصاف چاہتا ہے اور تاخیر آئین شکنوں کے حوصلے بڑھاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چند سیکنڈ میں آئین پامال کرنے والوں کی کئی دن گزرنے کے باوجود گرفت نہ ہونا عوام کو پریشان کر رہا ہے، وفاق کے بعد اب پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں کھلم کھلا آئین شکنی جاری ہے، عوام کے نمائندہ ایوان کو تالے اور خاردار تاریں لگا کر آئین کو روندا جا رہا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کو طاقت اور غنڈہ گردی سے آئین اور سپریم کورٹ کے حکم پر چلنے سے روکا جا رہا ہے جو سراسر بغاوت ہے، ان اقدامات سے عوام اور دنیا کو کیا یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ آئین اور قانون لاوارث ہے؟۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان آئین، قانون اور جمہوریت کا قتل عام کرکے دندناتا پھر رہا ہے، وہ اپنے ساتھ پورے نظام اور ملک کو ڈبونے پر تل چکا ہے۔

'پی ٹی آئی کے کچھ ساتھیوں کا نیازی کے خلاف کھڑا ہونا خوش آئند ہے'

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے کچھ ساتھیوں کا آئین اور قانون کے دفاع میں نیازی کے خلاف کھڑا ہونا خوش آئند ہے۔

شہباز شریف نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ‏اقتدار کی ہوس نے نیازی اور اس کے بچے کچھے حواریوں کو ذہنی طور پر مکمل طور پر مفلوج کر دیا ہے۔ تحریک انصاف کے کچھ ساتھیوں کا آئین اور قانون کے دفاع میں نیازی کے خلاف کھڑا ہونا خوش آئند ہے، آئیں ہم سب آئین اور قانون کی حفاظت اور پاسداری کے لیے یکجا ہو جائیں!۔

علاوہ ازیں ایک بیان میں شہباز شریف نے معاشی دیوالیہ پن کی اطلاعات پر خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ انہوں نے کہا کہ ‎ملک کے معاشی طور پر دیوالیہ ہونے کی خبریں عالمی میڈیا سے آرہی ہیں جو اضطراب اور پریشانی کا باعث ہیں، ‎اصل خطرہ یہ ہے کہ خدانخواستہ ملک ڈیفالٹ کرگیا تو کیا ہوگا؟

شہباز شریف نے ‎خبردار کیا کہ خدانخواستہ ملک معاشی طور پر دیوالیہ ہوا تو اس کے ذمہ دار عمران نیازی ہوں گے، ‎معاشی طور پر ہم تباہ ہوگئے تو کسی کو کوئی عالمی سازش کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، اصل سازش اندر سے حکومت کرچکی ہے، ‎معاشی ماہرین اور عالمی پیش گوئیاں ہورہی ہیں کہ عدم استحکام جاری رہا تو ڈالر200 روپے سے اوپر چلا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ‎ڈالر کی قیمت186 روپے سے اوپر جارہی ہے جو ملک کے لئے نیک فال نہیں، ‎اس کے نتیجے میں جو خطرناک صورتحال جنم لے گی، وہ ہماری ہنگامی توجہ کی مستحق ہے، ‎معاشی صورتحال کے پیش نظر آنے والے دنوں میں مہنگائی کی قیامت مزید بڑھ جائے گی، خدانخواستہ ملک کی معاشی سلامتی خطرات سے دوچار ہوئی تو اس کا ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔

‎شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ‎ایک ماہ میں غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 4.3 ارب ڈالریعنی 430 کروڑ ڈالر کی کمی ہوئی ہے، عمران نیازی کے دور میں یہ افسوسناک تاریخ رقم ہوئی، ‎عدالت عظمی کا جلد فیصلہ کرنا پاکستان کے قومی مفادات کی ضرورت ہے، ‎اس وقت اصل توجہ اس قومی بحران کے حل پر ہونی چاہئے، ‎بحران جلد ازجلد ختم ہواور ملک واپس آئین کے راستے پر آئے ، سیاسی استحکام بحال ہو اور معیشت کی سانس چل سکے۔

‎صدر ن لیگ نے کہا کہ ‎مارچ کے مہینے میں مہنگائی ایک بار پھر آسمان کو چھوتی رہی، ‎سی پی آئی میں13 فیصد ، 51 بنیادی اشیاءکی قیمتوں کے ایس پی آئی میں 13 فیصد، ہول سیل پرائس انڈیکس میں 24 فیصد کا قیامت خیز اضافہ ہوا۔

‎انہوں نے مزید کہا کہ عمران نیازی کہہ چکے ہیں کہ ٹماٹر پیاز کی قیمتیں چیک کرنے نہیں آیا، ‎ ایک ہفتے میں ٹماٹر کی قیمت میں 44 فیصد اور پیاز کی قیمت میں 22 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا، ‎ایک سال میں ٹماٹر کی قیمت 127 فیصد اورپیاز کی قیمت 43 فیصد بڑھی ہے، ‎عوام منتظر ہیں کہ کوئی آئے اور ٹماٹر پیاز کی قیمت چیک کرے، انہیں ریلیف دلائے۔

‎انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ ہے اور مہنگائی عروج پر ہے، ‎رمضان المبارک پر عوام کو سستی اشیاء کی فراہمی کا کوئی انتظام نہیں، کوئی سستا بازار نمائشی طور پر لگا ہے تو وہاں بھی مہنگی اشیا مل رہی ہیں، یوٹیلیٹی اسٹورز پر بھی عوام کو مہنگی اشیاء مل رہی ہیں، مارچ کے مہینے میں مہنگائی ایک بار پھر آسمان کو چھوتی رہی ، مہنگائی کے ستائے عوام مارے مارے پھر رہے ہیں ، کوئی پرسان حال نہیں، عمران نیازی اپنی کرسی بچانے، کرپشن بچانے اور نااہلی چھپانے کے لئے آئین توڑ کر اقتدار پر قابض ہے، اس کا ہر روز اپنے اقتدار کے لئے ہے۔

‎شہباز شریف نے بتایا کہ کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ 20 ارب ڈالر کی ملکی تاریخ کی بلند ترین اور خطرناک ترین سطح پر پہنچ چکا ہے ، یہ ملک کے لئے سنگین علامات ہیں، عمران نیازی ریکارڈ کرنٹ اکاﺅنٹ خسارے کا ذمہ دار ہے جو کنٹینر کے دور میں ہر مسئلے کی بنیادی وجہ کرنٹ اکاﺅنٹ خسارے کو دیا کرتا تھا، ‎بجٹ اور مالیاتی خسارہ بھی 4600 ارب ہوچکا ہے، تجارتی خسارہ 45 ارب ڈالر کی حد پار کرچکا ہے، ہر سال عمران نیازی کی حکومت نے ریکارڈ مالیاتی خسارہ کیا۔

‎صدر ن لیگ کا کہنا تھا کہ یہ ہیں وہ اصل وجوہات جن سے نظریں چرانے کے لئے عمران نیازی ہر روز ایک نیا جھوٹ بولتا ہے، کبھی عالمی سازش کا جھوٹ، کبھی ریاست مدینہ کے مقدس نام پر جھوٹ بولا گیا، ‎کبھی امر بالمعروف کو عوام کے خلاف اپنے گناہ چھپانے کے لئے ڈھال بناتا ہے، کبھی احتساب کے جھوٹ بولتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں