شہباز شریف نے جسٹس ریٹائرڈ گلزار احمد کا بطور نگراں وزیراعظم نام مسترد کر دیا

معاملہ ابھی عدالت میں ہے، شہباز شریف کا صدر مملکت کے خطوط پر جواب


ویب ڈیسک April 06, 2022
جسٹس ر گلزار احمد کا نام بطور نگراں وزیراعظم پیش کرنا آئین کے خلاف ہے. (فوٹو : فائل)

لاہور: اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے دیا گیا جسٹس ریٹائرڈ گلزار احمد کا بطور نگراں وزیراعظم نام مسترد کر دیا اور کہا ابھی معاملہ سپریم کورٹ میں ہے اس معاملے پر مشاورت نہیں کر سکتے۔

صدر مملکت نے نگراں وزیر اعظم کے لیے جسٹس ر گلزار احمد کا نام تجویز کیا اور ایک خط اپوزیشن لیڈر کو لکھ کر ان سے نام دینے کو کہا گیا۔ ‏اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے صدر مملکت کو جوابی خط لکھ دیا ہے۔

شہباز شریف نے مشاورت سے انکار کرتے ہوئے خط میں لکھا کہ صدر مملکت کا خط 5 اپریل رات 9 بجے موصول ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ‏عمران خان کی جانب سے جسٹس گلزار کا نام دیا جانا غیر قانونی ہے، معاملہ عدالت میں ہونے کی وجہ سے یہ عمل شروع کرنے کا اختیار نہیں اور تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے اسپیکر کی رولنگ خلاف آئین ہے۔

انکا مزید کہنا تھا کہ جسٹس ر گلزار احمد کا نام بطور نگراں وزیراعظم پیش کرنا آئین کے خلاف ہے، اس تناظر میں وزیراعظم کی طرف سے اسمبلی توڑنا بھی متنازعہ عمل ہے، سپریم کورٹ نے اس معاملہ کا سوموٹو لیا ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے لکھا کہ سپریم کورٹ نے کہا کہ کوئی بھی قدم عدالت کے احکامات کے تابع ہوگا، آپ کی طرف سے تقرری کے معاملے پر مشاورت ایک جلد بازی میں کیا گیا عمل ہے۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد صدر مملکت نے نگراں وزیراعظم کے لیے وزیراعظم عمران خان اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے نام مانگے تھے۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے نگراں وزیراعظم کے لیے جسٹس ریٹائرڈ گلزار احمد کا نام تجویز کیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔