بھارتی حکومت کی جانب سے تجارتی پالیسی کے خلاف امریکی تحقیقات کو روکنے کے فیصلے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات جوپہلے سے کشیدہ تھے مزید کشیدگی کی جانب بڑھنے لگے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت میں سرمایہ کاری کرنے والے امریکی تاجروں نے امریکی تجارتی نمائندگان کو شکایت کی تھی کہ ان کی تیار کردہ مصنوعات غیر قانونی طریقے سے بازار میں دستیاب ہیں جو کہ تجارتی حقوق کی خلاف ورزی ہے، جس پر امریکا کی جانب سے بھارتی منڈیوں میں غیر قانونی طریقے سے لائی گئی امریکی مصنوعات کی تحقیقات کے علاوہ غیر قانونی اشیا کی فروخت پر بھارت کو تجارتی پابندیوں کی دھمکی دی گئی تھی۔
دوسری جانب بھارتی حکومت نے تجارتی پالیسی کی خلاف ورزی چھپانے کے لئے امریکا کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات کو بھرپور طریقے سے روکنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور وزیر تجارت نے انتخابات کے انعقاد کو جواز بنا کر امریکی تجارتی نمائندگان سے ملنے سے بھی انکار کردیا ۔