سپریم کورٹ کا فیصلہ کل یومِ تشکر منایا جائے گا مولانا فضل الرحمان

سپریم کورٹ کا فیصلہ پوری قوم اور آئین پاکستان اور جمہوریت کی فتح ہے، سربراہ جے یو آئی (ف)

—فائل فوٹو

حکومت مخالف متحدہ اپوزیشن نے ڈپٹی اسپیکر کی تحریک عدم اعتماد پر رولنگ کو غیر آئینی اور قومی اسمبلی کی بحالی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ پوری قوم اور آئین پاکستان اور جمہوریت کی فتح قرار دیا اور کہا کہ عدلیہ قوم کی امیدوں پر پورا اترتے اطمینان بخش فیصلہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ کل یوم احتجاج نہیں ہوگا بلکہ یوم تشکر ہوگا، جمعہ کی نمازوں میں لوگ شکرانے کے دو نفل بھی پڑھیں، پاکستان کی بقا اور اس کے استحکام کی دعائیں کریں۔

عدالت عظمیٰ کے شکرگزار ہیں، شبہاز شریف

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ 22 کروڑ عوام کی دعائیں اللہ نے قبول کی ہیں اور عدالت عظمیٰ نے ایسا فیصلہ کیا جس سے پاکستان کا آئین بچ گیا بلکہ پاکستان بچ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے اپنا وقار اور خودمختاری چار چاند لگائے ہیں، عدالت عظمیٰ کے شکرگزار ہیں، ہم نے جنگ غربت اور بے روزگاری کے ساتھ لڑنی ہے، ہم ملک کر یہ جنگ لڑیں گے۔

علاوہ ازیں شہباز شریف نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی اپنے پیغام میں آج نئی تاریخ لکھے جانے کا اہم ترین دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ سب کو مبارک دیتا ہوں جنہوں نے آئین کی بالا دستی کے لیے اس جدوجہد کی حمایت کی، اس کا دفاع کیا اور آواز بلند کی۔


صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ جھوٹ، فریب اور الزامات کی سیاست آج دفن ہوگئی، پاکستان کے عوام جیت گئے، اللہ تعالی پاکستان پر رحم فرمائے۔



عدم اعتماد مکمل ہونے کے بعد فیصلے کریں گے، بلاول

اس حوالے سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عدم اعتماد مکمل ہونے کے بعد فیصلے کریں گے، کارکن سلیکٹڈ راج کے خاتمےکا دن منائیں، جمہوریت بہترین انتقام ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدالت کا فیصلہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا، اعلیٰ عدلیہ نے آئین کی بالا دستی کو مقدم رکھا ہے، اب ہم صاف اور شفاف الیکشن کی طرف بڑھیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان کو پارلیمنٹ میں بھی شکست دی تھی، متحدہ اپوزیشن کا مقصد کامیاب ہوچکا ہے۔

پاکستان کو عوام دشمن حکومت سے نجات مبارک ہو، مریم نواز

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ پاکستان کو عوام دشمن، نالائق ترین، نا اہل ترین اور ناکام ترین حکومت سے نجات بھی بہت بہت مبارک ہو۔


Load Next Story