پاکستان کے لیے آخری لمحے اور آخری گیند تک لڑوں گا وزیراعظم

وزیراعظم نے وفاقی کابینہ اور پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا، جمعے کی شام قوم سے خطاب کا بھی اعلان

کابینہ کے خصوصی اجلاس میں وزرا اور مشیر شرکت کریں گے جبکہ وزرائے مملکت اور معاونین کابینہ ڈویژن سے آن لائن شریک ہوں گے (فائل فوٹو)

وزیراعظم عمران خان نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد قوم کے نام جاری پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کے لیے آخری لمحے ، آخری گیند تک لڑوں گا اور جمعے کی شام قوم سے خطاب کروں گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ میں نے جمعے کو کابینہ اور پارلیمانی پارٹی کے اجلاس طلب کیے ہیں، جس کے بعد قوم سے خطاب کروں گا۔

قبل ازیں وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب اور وفاقی وزیر اطلاعات و قانون فواد چوہدری نے بھی وزیراعظم عمران خان کے قوم سے خطاب سے متعلق بیانات جاری کیے۔

دونوں وزرا نے بتایا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اور پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا، جس کے بعد وہ رات کو قوم سے انتہائی اہم خطاب کریں گے۔

کابینہ کا خصوصی اجلاس صبح گیارہ بجے طلب

وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں جمعے کی صبح 11 بجے طلب کرلیا، جس میں وفاقی وزراء اور وزیراعظم کے مشیر شرکت کریں گے جبکہ وزرائے مملکت اور معاونین خصوصی کابینہ ڈویژن سے اجلاس میں آن لائن شرکت کریں گے۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ کا جو بھی فیصلہ آئے گا اُسے قبول کریں گے، وزیراعظم


دریں اثنا سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد بنی گالہ میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں سپریم کورٹ کے فیصلے اور مستقبل کی صورت حال پر غور کیا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئندہ کی حکمتِ عملی کے حوالے سے لائحہ عمل بھی مرتب کیا گیا۔ اس اہم میٹنگ میں پی ٹی آئی کی سینئر قیادت اور قانونی ماہرین بھی شریک تھے۔
Load Next Story