پولیس افسرنے اکلوتے بیٹے کووالدین سے ملوادیا

راولپنڈی کا15سالہ ابوہریرہ والدین کی ڈانٹ سے دلبرداشتہ ہوکرکراچی آگیا تھا


Staff Reporter April 08, 2022
لڑکااسنیپ چیکنگ کے دوران لاوارث حالت میںملاتھا،ایس ایچ اوکامران حیدر . فوٹو : ایکسپریس

ایس ایچ او یوسف پلازہ انسپکٹر کامران حیدر نے راولپنڈی کے رہائشی والدین کا اکلوتا بیٹا ان سے ملوادیا۔

والدین کی ڈانٹ ڈپٹ سے دلبرداشتہ ہوکر گھر سے نکلنے والا لڑکا کراچی پہنچ گیا تھا، صدمے کے باعث ماں اسپتال میں داخل ہیں، ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایچ او کامران حیدر نے بتایا کہ تقریباً ایک ہفتہ قبل انھیں اسنیپ چیکنگ کے دوران 15سالہ ابوہریرہ لاوارث حالت میں ملا، وہ انتہائی گھبرایا ہوا تھا، اسے فوری طور پر تھانے لائے جہاں اسے کھانا کھلایا اور نئے کپڑے بھی فراہم کیے۔

اس نے بتایا کہ وہ راولپنڈی کا رہائشی اور مختلف بسوں میں سفر کرتے کرتے کراچی پہنچ گیا،اس سے جب اس کے والدین کا فون نمبر پوچھا تو وہ اسے آدھا یاد تھا،ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ اسی آدھے نمبر کے ذریعے باقی کے نمبرز چینج کرتے کرتے وہ ٹیلی فون کال ملاتے گئے اور بالآخر ایک موبائل نمبر پر اس کے والد اظہر محمود سے بات ہوگئی۔

پہلے سے معلومات حاصل کیں پھر کراچی میں بیٹے کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ یہاں پولیس کے پاس ہے، یہ سنتے ہی گزشتہ روز اس کے والد اظہر محمود کراچی پہنچے اوران کا بیٹا ان کے حوالے کردیا، اظہر محمود نے بتایا کہ ابوہریرہ ان کا اکلوتا بیٹا ہے جو ڈانٹ ڈپٹ کے باعث گھر سے چلا گیا تھا۔

اسے راولپنڈی میں ہر ممکن مقام پر ڈھونڈا لیکن وہ نہیں ملا، اس صدمے میں ان کی اہلیہ کی بھی طبیعت خراب ہوگئی اور وہ اسپتال میں داخل ہے، اپنا اکلوتا بیٹا ملنے پر وہ کراچی پولیس کے انتہائی مشکور ہیں اور انھوں نے کراچی پولیس کی تعریف میں اپنا وڈیو بیان بھی جاری کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں