بھٹ شاہ پولیس کی جواریوں پر چڑھائی ایک درجن گرفتار موٹر سائیکل اور کاریں تحویل میں لے لیں

ملا کھڑا اسٹیڈیم میں ایک ہزار افراد کھلے عام جوا کھیل رہے تھے، کارروائی سے بھگدڑ مچ گئی، پولیس کو مغلظات بکیں


Nama Nigar February 26, 2014
ملا کھڑا اسٹیڈیم میں ایک ہزار افراد کھلے عام جوا کھیل رہے تھے، کارروائی سے بھگدڑ مچ گئی، پولیس کو مغلظات بکیں۔ فوٹو: فائل

ملاکھڑا اسٹیڈیم میں کھلے عام جوا کھیلنے والوں پر پولیس کی چڑھائی، جواریوں میں بھگدڑ مچ گئی، ایک ہزار سے زائد افراد ٹوکن جوا کھیل رہے تھے۔

ایس ایس پی مٹیاری کے حکم پر بھٹ شاہ پولیس نے جواریوں کو بھگا دیا، کراڑ پارک میں دوبارہ جوا کھیلنے کی کوشش پر ایک درجن سے زائد گرفتار۔ تفصیلات کے مطابق ملاکھڑا اسٹیڈیم بھٹ شاہ میں ریٹائر سرکاری اہلکار لکھاڈنو تھیم کی جانب سے 500 اور ایک ہزار روپے کے ٹوکن پر کھلے عام جوا کھیلا جارہا تھا جس میں ایک ہزار سے زائد جواری موجود تھے۔ ایس ایس پی مٹیاری نے اطلاع پر ایس ایچ او بھٹ شاہ کو فوری جوا بند کرنے کا حکم دیا جس پر پولیس نے چھاپہ مارا تو جواری فرار ہوگئے اور پولیس پر مغلظات بکتے ہوئے دوبارہ کراڑپارک کے گراؤنڈ میں جمع ہوگئے ۔

جہاں پر پولیس نے پھر چھاپہ مار کر ایک درجن سے زائد جواریوں کو حراست میں لے کر موٹرسائیکلیں اور 2 کاریں بھی تحویل میں لے لیں جنھیں بعد میں شہر کی بااثر شخصیت کے کہنے پر تحریرمعافی نامہ لکھنے کے بعد آزاد کر دیا گیا۔شہریوں اور سیاسی، سماجی تنظیموں نے ایس ایس پی سے اپیل کی کہ ضلع مٹیاری کے سب شہروں سے جوا اور منشیات کے اڈے ختم کیے جائیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں